کراچی / بدین ( نیا محاز ) سابق سپیکر قومی اسمبلی ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نےجی ڈی اے رہنما ؤں دلبر خواجہ اور فیصل چیمہ کی گرفتاری پر شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے دونوں رہنماؤں کی گرفتاری کو سیاسی انتقام اور اصل منشیات فروشوں کو تحفظ فراہم کرنے کی کوشش قرار دیتے ہوئے فوری رہائی کا مطالبہ کیا ہے .
جی ڈی اے کی مرکزی رہنما سابق سپیکر قومی اسمبلی اور سابق وفاقی وزیر ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے بدین سے جی ڈی اے کے سرگرم رکن دلبر خواجہ اور فیصل چیمہ کی گرفتاری پر شدید ردعمل کا اظہار اور مذمت کرتے ہوئے گرفتاری کو سیاسی انتقام اور اصل منشیات فروشوں اور جرائم پیشہ عناصر کو تحفظ فراہم کرنے کی کوشش قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت مہنگائی ، بے روزگاری ، غربت ، منشیات فروشی اور بدامنی پر قابو پانے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے اور اپنی غلطیوں پر پردہ ڈالنے کی کوشش کرتے ہوئے سیاسی مخالفین کے خلاف انتقامی کاروائیوں پر اتر آئی ہے ۔
ڈاکٹر فہمیدہ مرزا کا کہنا تھا کہ دلبر خواجہ اور فیصل چیمہ کی گرفتاری اور قمر شہداد کورٹ میں منشیات کا مقدمہ درج کرنا اوچھا ہتھکنڈا ہے . بدین سمیت سندھ بھر کے عوام باخبر ہیں اور جانتے ہیں کہ منشیات فروشی اور کرائم میں پیپلزپارٹی کے رہنما ملوث ہیں جن کو پولیس کی سہولت کاری اور حکومتی شخصیات کی سرپرستی حاصل ہے .
ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے چیف جسٹس آف پاکستان اور چیف جسٹس آف سندھ سے جی ڈی اے اراکین کی گرفتاری پر نوٹس لیتے ہوئے گرفتار رہنماؤں کی رہائی کا مطالبہ کیا ہے .