اسلام آباد (نیا محاز ) وفاقی وزارت تعلیم نے اسلام آباد میں خواتین کے لیے مفت پنک بس سروس کی سہولت متعارف کرادی ہے جس کا باقاعدہ آغاز 7 اگست کو ہوگا۔
وفاقی وزارت تعلیم کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر 7 اگست سے اسلام آباد میں طالبات اور خواتین اساتذہ کے لیے مخصوص پنک بسیں دستیاب ہوں گی۔پنک بسیں شہر کی تمام اہم شاہراہوں پر چلیں گی اوراسلام آباد کے گردونواح کے دیہی علاقوں کو شہری مراکز سے جوڑ کر ان کے مابین سفر کو آسان اور محفوظ بنائیں گی۔
خواتین کے لیے اس مخصوص بس سروس کے بارے میں بتایا گیا ہے کہ طالبات اور خواتین اساتذہ کے لیے مفت اور محفوظ اور آسان نقل و حرکت کے لیے وقف کی گئی یہ بسیں تیز رفتار اور کم وقت میں بہترین سفر اور رسائی یقینی بنائیں گی۔
پنک بسیں اسلام آباد کے تمام بڑے روٹس پر چلیں گی، جن کا مقصد دیہی علاقوں کو شہری مراکز بشمول تعلیمی اداروں سے جوڑنا ہے۔ یہ بسیں مرحلہ وار متعارف کرائی جائیں گی، بہترین اور بلا تعطل سروس یقینی بنانے کے لیے سروس کی مربوط نگرانی پر عمل درآمد ہوگا۔
وفاقی سیکریٹری تعلیم محی الدین احمد وانی نے اس حوالے سے بتایا کہ وزارت تعلیم اسلام آباد میں لڑکیوں کی تعلیم، خواتین کو بااختیار بنانے اور جامع ترقی کے فروغ اور سب کے لیے ایک محفوظ اور معاون ماحول پیدا کرنے کے لیے پرعزم ہے۔