ایتھنز (نیا محاز ) یونان میں بھیڑوں کے ریوڑ نے 100 کلو سے زیادہ بھنگ کے پودے کھا کر تہلکہ مچا دیا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق یونان کے علاقے میگنیسیا میں ایک کسان اس وقت سر پکڑ کر بیٹھ گیا جب اس کی فصل پر بھیڑوں کے ایک ریوڑ نے حملہ کردیا۔مقامی کسان نے میڈیا کو بتایا کہ ان کی فصل شدید گرمی اور سیلابوں کے باعث پہلے ہی تباہ ہوگئی تھی اور جو بچے کچے بھنگ کے پودے تھے انہیں بھیڑوں نے کھا کر ختم کردیا۔
کسان کا کہنا تھا کہ بھنگ کی یہ فصل طبی استعمال کے لیے اگائی گئی تھی، جس کا اب نام و نشان باقی نہیں رہا۔دوسری جانب بھیڑوں کے مالک نے بتایا کہ گرین ہاؤس میں 100 کلو بھنگ کے پودے کھانے کے بعد اس کی بھیڑیں واپس آکر عجیب و غریب حرکتیں کرنے لگیں۔
اس نے بتایا تمام بھیڑیں بے قابو ہوچکی تھیں اور بکریوں سے اونچی چھلانگ لگا رہی تھی جو عام طور پر کبھی نہیں ہوتا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل گزشتہ سال بھارت کے ایک پولیس اسٹیشن کے گودام سے تقریباً 200 کلو گرام بھنگ کی گھاس غائب ہوگئی تھی بعد ازاں معلوم ہوا کہ اسے چوہوں نے کھا لیا تھا۔ریاست اتر پردیش میں ایک مقدمے میں افسروں سے 195 کلوگرام منشیات کو بطور ثبوت عدالت میں پیش کرنے کو کہا گیا لیکن ان کے پاس دکھانے کے لیے کچھ بھی نہیں تھا۔ افسران نے عدالت کو بتایا کہ چوہوں نے بھنگ کے ذخیرے کو تباہ کردیا تھا۔