ممبئی (نیا محاز ) بالی ووڈ کی معروف اداکارہ پرینیتی چوپڑا کی حالیہ سوشل میڈیا پوسٹ نے مداحوں کو تشویش میں مبتلا کردیا ہے۔
پرینیتی چوپڑا نے سماجی رابطے کے پلیٹ فارم انسٹاگرام پر ایک مختصر ویڈیو شئیر کی جس کے ساتھ موجود تحریر نے مداحوں کی توجہ حاصل کی۔
پرینیتی نے لکھا کہ اس مہینے میں نے کچھ توقف کیا اور اپنی زندگی پر غور کیا، میں اس نتیجے پر پہنچی کہ آپ کے سوچنے کا انداز ہی سب کچھ ہے۔
پرینیتی چوپڑا نے لکھا کہ غیر اہم چیزوں (یا لوگوں) کو اہمیت نہ دیں اور اپنی زندگی کا ایک لمحہ بھی ضائع نہ کریں۔
انہوں نے لکھا کہ ہرلمحے کو اپنی پسند سے گزاریں، دوسروں کے لیے جینا چھوڑ دیں، دنیا کیا سوچے گی اس کی پرواہ نہ کریں۔پرینیتی چوپڑا نے لکھا کہ زہریلے لوگوں کو اپنی زندگی سے باہر پھینکنے سے بالکل نہ ڈریں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق پرینیتی چوپڑا کے اس پیغام نے مداحوں کو ان کے حوالے سے تشویش میں مبتلا کردیا، ایک صارف نے ان کی پوسٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ’امید ہے آپ خیریت سے ہوں گی‘ جبکہ ایک صارف نے سوال کیا کہ’ کیا یہ پیغام کسی خاص فرد کے لیے ہے‘؟
خیال رہے کہ پرینیتی چوپڑا اور بھارتی سیاسی جماعت عام آدمی پارٹی کے رہنما راگھو چڈھا گزشتہ سال24 ستمبر کو شادی کے بندھن میں بندھے تھے۔