واشنگٹن(نیا محاز )امریکی صدر جوبائیڈن اور سابق سپیکر نینسی پلوسی کے درمیان ٹیلیفونک گفتگو منظر عام پر آ گئی ہے جس میں انہوں نے امریکی صدر کو پولز کے پریشان کن نتائج کے بارے میں آگاہ کیا ۔
امریکی میڈیا نے ذرائع سے دعویٰ کیاہے کہ نینسی پلوسی نے صدر جوبائیڈن کو مبینہ ٹیلیفونک گفتگو کے دوران بتایا کہ پولز کے نتائج ان کے حق میں نہیں ہے اور بتاتے ہیں ان کی کامیابی ممکن نہیں ہے ،پولز میں ان کی شکست دکھائی دے رہی ہے۔ نینسی پلوسی نے امریکی صدر کو آگاہ کیا کہ پولز کے نتائج کے مطابق آپ ڈونلڈ ٹرمپ کو ہرا نہیں سکتے ۔انہوں نے مبینہ طور پر واضح کیا کہ صدر جوبائیڈن کاانتخابات میں حصہ لینا ڈیموکریٹس کی جیت کے امکان کو شدید نقصان پہنچا سکتا ہے ۔
نینسی پلوسی کی گفتگو کے ردعمل میں بائیڈن نے پولیز سے متعلق دفاعی انداز اختیار کیا، بائیڈن نے کہا کہ ان کے پاس ایسے پولز ہیں جو کامیابی کا بتاتے ہیں،ایک ذرائع نے بتایا کہ پلوسی اور بائیڈن کے درمیان بات چیت گزشتہ ہفتے ہوئی تھی،کسی ذرائع نے اشارہ نہیں دیا کہ پلوسی سمجھتی ہیں کہ بائیڈن کو انتخابی دوڑ سے باہر ہو جانا چاہئے۔
نینسی پلوسی نے گزشتہ ہفتے کے انٹرویو میں کہا کہ صدر پر منحصر ہے کہ وہ فیصلہ کریں کہ وہ انتخاب لڑیں گے یا نہیں،ہم سب صدر کو فیصلہ کرنے کی ترغیب دے رہے ہیں کیونکہ وقت کم ہوتا جارہا ہے۔ دوسری جانب وائٹ ہاوس کے ترجمان نے نینسی پلوسی اور صدر جوبائیڈن کے درمیان ہونے والی مبینہ ٹیلیفونک گفتگو پر تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا اور کہا کہ صدر بائیڈن پارٹی کے امیدوار ہیں، وہ جیتنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ نینسی پلوسی کے ترجمان نے سابق سپیکر کی صدر جوبائیڈن سے ٹیلیفونک گفتگو سے متعلق تمام خبروں کو بے بنیاد قرار دیا اور کہا کہ وہ جمعہ سے کیلیفورنیا میں موجود ہیں اور ان کی صدر سے بات چیت ہی نہیں ہوئی۔