اسلام آباد (نیا محاز اخبارتازہ ترین – اے پی پی۔ 10 جولائی2024ء) سعودی عرب میں کام کرنے والے پاکستانیوں کی ترسیلات زر میں گزشتہ مالی سال کے دوران سالانہ بنیادوں پر 14 فیصد کااضافہ ریکارڈکیاگیا ہے۔ سٹیٹ بینک کی جانب سے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق مالی سال 2024 میں سعودی عرب میں کام کرنے والے پاکستانیوں نے 7.424 ارب ڈالر کا زرمبادلہ ملک ارسال کیا جو مالی سال 2023 کے مقابلہ میں 14 فیصد زیادہ ہے۔
مالی سال 2023 میں سعودی عرب میں کام کرنے والے پاکستانیوں نے 6.533 ارب ڈالر زرمبادلہ ملک ارسال کیاتھا۔ جون میں سعودی عرب سے ترسیلات زر کا حجم 809 ملین ڈالر ریکارڈکیاگیاجو گزشتہ سال جون کے مقابلہ میں 57 فیصد زیادہ ہے۔ گزشتہ سا ل جون میں سعودی عرب میں کام کرنے والے پاکستانیوں نے 516 ملین ڈالر زرمبادلہ ملک ارسال کیا تھا۔
مئی کے مقابلہ میں جون میں سعودی عرب سے ترسیلات زر میں ماہانہ بنیادوں پر ایک فیصد کی کمی ریکارڈکی گئی ہے۔
مئی میں سعودی عرب سے ترسیلات زرکا حجم 819 ملین ڈالر ریکارڈکیاگیا جو جون میں کم ہو کر 809 ملین ڈالر ہو گیا۔ واضح رہے کہ گزشتہ مالی سال کے دوران سمندر پار پاکستانیوں کی مجموعی ترسیلات زرکا حجم 30.251 ارب ڈالر ریکارڈکیاگیا ہے جو مالی سال 2023 کے مقابلہ میں 10.7 فیصد زیادہ ہے۔ مالی سال 2023 میں سمندر پار پاکستانیوں کی ترسیلات زر کا حجم 27.33ارب ڈالر ریکارڈکیاگیا تھا۔