سڈنی(نیا محاز ) آسٹریلیا میں فلسطینیوں کے حامی مظاہرین پارلیمنٹ ہاؤس کی چھت پر چڑھ گئے اور آزادی کے حق میں بینرز لہرا دیئے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق آسٹریلوی پارلیمنٹ کے سامنے فلسطین کے حامیوں نے اسرائیلی جارحیت کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرین نے آزادیٔ فلسطین کے حق میں نعرے بازی بھی کی۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ غزہ میں اسرائیل جنگی جرائم میں ملوث ہے۔ ہم اسرائیل کی جارحیت کو معاف نہیں کریں گے اور اس بربریت کے خلاف مزاحمت جاری رکھیں گے۔بعد ازاں چند مظاہرین نے پولیس کی رکاوٹوں کو عبور کرتے ہوئے پارلیمنٹ کی چھت پر پہنچ کر فلسطین کے حق اور اسرائیل کے خلاف بینرز لہرا دیئے۔ مظاہرین نے پارلیمنٹ کی چھت پر شدید نعرے بازی کی۔دوسری جانب اپوزیشن ہوم افیئرز کے ترجمان جیمز پیٹرسن نے اس واقعے کی تحقیقات پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ پارلیمنٹ کی سیکیورٹی کی سنگین خلاف ورزی ہے۔
واضح رہے کہ اسرائیل کی غزہ پر وحشیانہ بمباری کے خلاف دنیا بھر میں مظاہرے ہوئے ہیں جن میں بین الاقوامی جامعات کے طلباء سب سے آگے ہیں۔