سموگ کے خاتمے کیلئے موٹرسائیکل کیلئے فٹنس سرٹیفکیٹ پر اتفاق، موٹرسائیکل فٹنس سرٹیفکیٹ کا طریقہ کارآسان بنایا جائے، یتیم طلبا وطالبات کو الیکٹرک بائیک دینے کا عمل جلد مکمل کیا جائے، وزیراعلیٰ مریم نوازشریف
لاہور( نیا محاز اخبارتازہ ترین۔ 25 جون 2024ء ) وزیراعلی پنجاب مریم نوازشریف کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا 10واں اجلاس منعقد ہوا،چار گھنٹے طویل اجلاس میں 56 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا، اجلاس میں دور دراز علاقوں میں ڈاکٹروں کی عارضی بنیادوں پر فوری تقرری اورڈاکٹرز کے لئے الاؤنس بڑھانے کی منظوری دی گئی- اجلاس میں 8 ممالک کے اوورسیز پاکستانیوں کوجائیداد کی منتقلی اور دیگر ریونیو سروسز کے لئے رجسٹریشن ایکٹ 1908 میں ترامیم کی منظوری دی گئی، چنگ چی او ررکشے کو بتدریج متبادل ماحول دوست ٹرانسپورٹ پر منتقل کرنے اور سموگ کے خاتمے کے لئے موٹرسائیکل کے لئے فٹنس سر ٹیفکیٹ کے حصول پر اتفاق کیا گیا-وزیراعلی مریم نوازشریف نے موٹر سائیکل فٹنس سرٹیفکیٹ کا طریقہ کارآسان بنانے کی ہدایت کی-کابینہ نے یتیم طلبہ کو الیکٹرک بائیک دینے کے لئے طریقہ کار کی منظوری دی-وزیراعلی مریم نوازشریف نے یتیم طلبا و طالبات کو الیکٹرک بائیک دینے کے لئے پراسیس جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی-اجلاس میں آگاہ کیاگیا کہ چند ماہ میں ہندو میرج ایکٹ بھی منظوری کے لئے پیش کردیا جائے گا-اجلاس میں ریٹائرمنٹ کے بعد ملازمین کے سرکاری گھرکی الاٹمنٹ میں توسیع نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا-وزیراعلی اور کابینہ نے الاٹمنٹ میں توسیع کے اختیارات سرنڈر کردئیے – کابینہ نے پہلی مرتبہ ڈائریکٹر پبلک انسٹرکشنز،سی ای او، ڈی ای او او رڈی ڈی ای او کی تعیناتی کے شفاف طریقہ کار کی منظوری دی -بریفنگ کے دوران بتایا گیاکہ محکمہ ہائر ایجوکیشن اور سکول ایجوکیشن میں انتظامی افسروں کی تعیناتی کے لئے آئی ٹی سکریننگ ٹیسٹ پاس کرنا ہوگا -تحریری امتحان او رانٹرویو کے بعد امیدوار کو نفسیاتی ٹیسٹ بھی پاس کرنا ہوگا- گوشت اور دودھ کی پیداوار بڑھانے کیلئے ایگزوٹک ایمبریو کی درآمد اور ایمبریو کی مقامی پیداوار کوبریڈنگ سروسز میں شامل کرنے کی منظوری دی گئی- ای پروکیور منٹ اور دیگر امور کے لئے پنجاب پروکیورمنٹ رولز میں 5ترامیم کی منظوری دی گئی،سب سے کم بڈ دینے والے سے مزید کمی کے لئے بات چیت بھی کی جاسکے گی- پنجاب ڈرگزرولز 2007 میں ترامیم کی بھی منظوری دی گئی- لائسنس کے اجراء سے پہلے فارمیسی کی انسپیکشن کا اختیار حکومت کو دوبارہ حاصل ہو گا۔
کابینہ نے پیڈمک او رفیڈمک کے بورڈ آف ڈائریکٹرز میں پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ اور دیگر کی نمائندگی کی منظوری دی-اربن یونٹ، فیڈمک، پیڈمک، ٹیوٹا کے آڈٹ پر اتفاق کیا گیا-وزیراعلی نے کہاکہ بورڈز کی تشکیل نو کا فیصلہ کسی کی سفارش قبول نہ کی جائے۔ پنجاب میں پلگ اینڈ پلے گارمنٹ سٹی کے قیام کا فیصلہ کیا گیا- گارمنٹ سٹی پراجیکٹ کو سالانہ ترقیاتی پروگرام میں شامل کرنے کی منظوری بھی دی گئی – موبائل ایپ ٹیکسی سروسز کمپنیوں اور نجی گاڑیوں کو ریگولیٹ کرنے کے لیے صوبائی موٹر وہیکل آرڈیننس 1965 میں ترمیم کی منظوری دی گئی- ٹرانسپورٹیشن نیٹ ورک کمپنی کی ریگولیشن، مسافر کی سیفٹی کو یقینی بنایا جائے گا۔
کابینہ نے بہاولپور سے لودھراں تک سپیڈو بسوں کے آپریشنز کے کنٹریکٹ کی مدت میں اضافے کی منظوری دی گئی- تمام واٹر فلٹریشن پلانٹس کی ذمہ داری ایک ہی اتھارٹی دیکھے گی۔ اپنی چھت اپنا گھر پروگرام کی کابینہ نے منظوری دے دی، 14 اگست کو لانچ کیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ سیاسی نہیں عوامی مفادات کو مد نظر رکھ کر فیصلے کرتی ہوں – تمام وزراء اپنے محکموں میں طلباء کی انٹرن شپ پروگرام تیار کریں۔
چیف منسٹر انٹرنشپ پروگرام کو تمام ڈپارٹمنٹس سے لنک کریں۔ جب آپ عوامی اور ملکی مفاد کو سامنے رکھ کر فیصلے کرتے ہیں تو اللہ تعالیٰ اس میں برکت ڈالتا ہے۔ کابینہ نے قائد اعظم پولیس میڈلز اور صدر پولیس میڈلز کے لیے 39 افسران کی سفارشات وفاقی حکومت کو بھیجنے کی منظوری دی۔ صوبائی وزراء، چیف سیکرٹری،آئی جی اور متعلقہ سیکریٹریز اور دیگر حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔