0

جولائی کے دوران کس شہر میں کتنی بارش ہوگی؟ کہاں کہاں سیلاب کا خدشہ ہے؟ جامع رپورٹ جاری

اسلام آباد(نیا محاز ) نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر نے جولائی کے مہینے کے دوران پاکستان کے مختلف علاقوں میں متوقع بارشوں کی شدت اور ممکنہ اثرات کے حوالے سے جامع رپورٹ جاری کردی ہے۔
محکمہ موسمیات اور نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر کی پیشگوئی کے مطابق خیبرپختونخوا میں مردان، مالاکنڈ اور ہزارہ ڈویژن کے مختلف مقامات پرجولائی کے تیسرے ہفتے میں ہلکی بارشیں جبکہ چوتھے ہفتے کے دوران موسلادھار بارش متوقع ہے۔جولائی کےپہلے اور دوسرے ہفتے میں پنجاب میں لاہور، سرگودھا، فیصل آباد اور گوجرانوالہ کے اضلاع جبکہ اسلام آباد میں 15تا50 ملی میٹر بارش ہوگی جبکہ چوتھے ہفتے کے دوران راولپنڈی،اسلام آباد، لاہور، سرگودھا، گوجرانوالہ اور فیصل آباد میں شدید بارشیں متوقع ہیں، ڈی جی خان میں پہاڑوں سے اکھٹے ہو کر آنیوالےپانی کے باعث اورساہیوال، ملتان اور بہاولپور میں موسلادھار بارش کے باعث سیلابی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔سندھ کے اضلاع میرپورخاص، کراچی، حیدرآباد، نواب شاہ، لاڑکانہ اور سکھرمیں جولائی کے مہینے میں 30تا75 ملی میٹر بارش ہوگی جبکہ جولائی کے دوسرے اور چوتھے ہفتے میں شدید بارشیں متوقع ہیں۔ جولائی کے چوتھے ہفتے میں گلگت بلتستان کےضلع استور اور آزاد جموں و کشمیر کے مختلف مقامات پر موسلادھاربارشیں متوقع جس کے باعث ندی نالوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا خطرہ ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں