بون (نیا محاز )جرمن وزارت خزانہ کے مطابق رواں صدی کے آغاز سے اب تک جرمنی کی طرف سے مجموعی طور پر 52 ممالک پر واجب الادا 15.8 ارب یورو مالیت کا قرض معاف کر دیا گیا۔
جرمن وزارت خزانہ کے مطابق حکومت نے قرضوں میں ریلیف کا انتظام یقینی بنانے کے لیے 52 ممالک کے ساتھ معاہدے کئے ہیں۔معاف کردہ قرضوں میں سب سے زیادہ حصہ عراق کا ہے۔ جرمنی نے عراق کے ذمہ واجب الادا 4.7 ارب ڈالر مالیت کا قرضہ معاف کیا۔ عراق کے بعد نائیجیریا کا دوسرا نمبر ہے، جسے 2.4 ارب ڈالر مالیت کا قرض معاف کیا گیا جبکہ کیمرون کے ذمے 1.4 ارب ڈالر کا قرض بھی معاف کر دیا گیا۔وزارت خزانہ نے بتایا کہ گزشتہ برس کے اختتام تک 70 سے زائد ممالک نے جرمنی کو 12.2 بلین ڈالر کے قرضے واپس کرنا تھے۔ اس وقت سب سے زیادہ واجبات مصر (1.5 بلین ڈالر)، بھارت (1.1بلین ڈالر) اور زمبابوے (889 ملین ڈالر) نے ادا کرنا ہیں۔جرمن حکام کے مطابق قرضوں میں ریلیف ‘میکرو اکنامک استحکام‘ حاصل کرنے یا برقرار رکھنے اور مقروض ممالک کے لئے قرضوں کی پائیداری کو بحال کرنے کے لئے دی جاتی ہے۔معاف کردہ قرضوں میں ریاستوں کے ساتھ مالی تعاون کے واجب الادا فنڈز کے ساتھ ساتھ جرمن ایکسپورٹرز اور بینکوں کے سپلائی اور کریڈٹ معاہدوں سے حاصل ہونے والی تجارتی وصولیاں بھی شامل ہیں۔