فلوریڈا (نیا محاز اخبارتازہ ترین – اے پی پی۔ 14 جون2024ء) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے زیر اہتمام آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ میں کل(ہفتے کو )مزید چار میچوں کا فیصلہ ہوگا ۔
پہلا میچ گروپ ڈی کی ٹیموں جنوبی افریقا اور نیپال کے درمیان آرنوس ویل گراؤنڈ کنگس ٹاؤن سینٹ ونسنٹ میں کھیلا جائے گا،دوسرے میچ میں گروپ سی کی ٹیمیں نیوزی لینڈ اور یوگنڈا پنجہ آزمائی کریں گی ، یہ ورلڈ کپ کا 32واں میچ ہوگا جو برائن لارا سٹیڈیم تاروبا ٹرینیڈاڈمیں کھیلا جائے گا، تیسرا میچ گروپ اے کی ٹیموں بھارت اور کینیڈا کے درمیان سینٹرل بروورڈ ریجنل پارک سٹیڈیم ٹرف گراؤنڈ لاڈر ہل فلوریڈا میں کھیلا جائے گا جبکہ چوتھا اور آخری میچ گروپ بی کی ٹیموں نمیبیا اور دفاعی چیمپئن انگلینڈ کے درمیان سر ویوین رچرڈز سٹیڈیم نارتھ ساؤنڈ انٹیگا میں کھیلا جائے گا۔
محدود اوورز کے فارمیٹ کے نویں میگا ایونٹ کے دلچسپ مقابلے ویسٹ انڈیز اور امریکا میں جاری ہیں جن میں شائقین کرکٹ کو کانٹے دار مقابلے دیکھنے کو مل رہے ہیں۔ میگا ایونٹ میں 20 ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کے لئے کوشاں ہیں۔ انگلینڈ کی ٹیم دفاعی چیمپئن ہے۔ ٹورنامنٹ کا سپر ایٹ رائونڈ 19 سے 24 جون تک کھیلا جائے گا۔ میگا ایونٹ کا پہلا سیمی فائنل میچ 26 جون ، دوسرا سیمی فائنل میچ 27 جون جبکہ فائنل میچ 29 جون کو بارباڈوس میں کھیلا جائے گا۔