پاکستانی کپتان نے 2021ء سے ٹورنامنٹ میں ایک بھی پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ نہیں جیتا ہے
لاہور ( نیا محاز ا تازہ ترین اخبار ۔ 12 جون 2024ء ) قومی ٹیم کے سابق کپتان مصباح الحق نے پاکستانی کپتان بابر اعظم کو آئی سی سی ٹورنامنٹس میں دباؤ میں کارکردگی دکھانے میں ناکامی پر تنقید کا نشانہ بنایا۔ سابق کپتان کا کہنا تھا کہ دباؤ کے بغیر فتوحات کی کوئی اہمیت نہیں رہتی، بابر اعظم ابھی تک آئی سی سی ایونٹس میں دباؤ کی صورتحال میں ناکام رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بابر اہم لمحات پر پرفارم نہیں کر پاتے، وہ بطور کپتان چوتھا ورلڈ کپ کھیل رہے ہیں، جب دباؤ کی صورتحال آتی ہے تو آپ کو خود کو ثابت کرنا ہوتا ہے، اس موقع پر اپنا موازنہ کوہلی سے بطور بیٹر شروع کر دیتے ہیں، انھیں آگے بڑھ کر خود کو ثابت کرنا ہوگا۔ مصباح نے مزید کہا کہ دباؤ کے بغیر ملنے والی کامیابیاں غیر اہم ہوتی ہیں، بابر 2019ء سے اب تک 4 ورلڈ کپ میں ٹیم کی موثر قیادت نہیں کر پائے ہیں، کوئی بھی دباؤ کے بغیر آپ کی پرفارمنس کو اہمیت نہیں دے گا، وہ بڑے پلیئر ہیں، انھیں بڑے ایونٹ میں ٹیم کو لیکر آگے بڑھنا اور انھیں متاثر کرنا چاہیے، لیکن وہ ایسا نہیں کر پائے ہیں۔
پاکستان اپنے آخری ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میچ میں 16 جون کو آئرلینڈ سے ٹکرائے گا۔