1 ارب ڈالر قرض کی یہ رقم داسو ہائیڈرو منصوبے کے فیزون پر خرچ کی جائے گی
اسلام آباد (اخبارتازہ ترین۔ 11 جون 2024ء ) عالمی بنک نے پاکستان کیلئے 1 ارب ڈالر قرض کی منظوری دیدی۔ تفصیلات کے مطابق ورلڈ بنک کی جانب سے رقم داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کیلئے جاری کی گئی ہے، 1 ارب ڈالر قرض کی یہ رقم داسو ہائیڈرو منصوبے کے فیزون پر خرچ کی جائے گی، عالمی بنک کا کہنا ہے کہ منصوبے سے بجلی کی سپلائی میں بہتری اور توسیع ہوگی، منصوبے سے عوام کو سماجی و معاشی سہولیات تک رسائی حاصل ہوگی۔
اسی طرح ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) نے بھی پاکستان کے لیے 25 کروڑ ڈالر قرض کی منظوری دے دی ہے، رقم حکومت کوانفراسٹرکچر میں پائیدار سرمایہ کاری میں مدد کے لیے فراہم کی جائے گی، فنڈز سے حکومت کو پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کی خدمات میں مدد ملے گی۔ ایشیائی ترقیاتی بینک کی جانب سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ اے ڈی بی حکومت پاکستان کی اصلاحات میں معاونت کررہا ہے، نجی سرمایہ کاری کو پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے ذریعے راغب کرنے سے حکومت کوسرکاری شعبے میں انفراسٹرکچر کے منصوبوں میں خلا کو پرکرنے میں مدد ملے گی۔
اعلامیہ سے معلوم ہوا ہے کہ ایشیائی ترقیاتی بینک معاشی ترقی کے لیے حکومتی پالیسیوں پر عمل درآمد کے لیے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ پروگرام کو فروغ دے رہا ہے، یہ ایشیائی ترقیاتی بینک کے سرکاری مینجمنٹ پروگرام کا حصہ ہے۔ بتایا جارہا ہے کہ ایشیائی ترقیاتی بینک کےوفدنےواپڈاہاؤس کادورہ بھی کیا، اس دوران ترقیاتی منصوبوں بارےتبادلہ خیال کیاگیا، چیئرمین واپڈاکاکہناتھاکہ ایشیائی ترقیاتی بینک ہمارا قابل قدر شراکت دار ہے، واپڈا منصوبوں کی تکمیل میں ایشیائی ترقیاتی بینک کی معاونت سے بہت استفادہ کیا ہے۔
اس موقع پر ایشیائی ترقیاتی بینک کے وفد کو بریفنگ دی گئی کہ واپڈا کے زیر تعمیر اور مستقبل قریب میں شروع ہونے والے منصوبوں ، واپڈا کے زیر تعمیر منصوبوں کی 2028تک مرحلہ وار تکمیل سے پن بجلی کی پیداوار میں 10 ہزار میگاواٹ اضافہ ہوگااور نیشنل گرڈ میں ماحول دوست اور سستی پن بجلی کا موجودہ تناسب 29فیصد ہے، واپڈا نیشنل گرڈ میں 2030تک پن بجلی کا تناسب 40 فیصد اور 2050تک 50 فیصد کرنے کیلئے پُر عزم ہے۔