0

وزیراعلیٰ پنجاب نے صحت ماڈل پلان پر عملدرآمد کی منظوری دیدی

شہروں کے ہسپتالوں میں علاج کی بروقت اور معیاری سہولت نہ ملنے پر ایم ایس کو ذمے دار ٹھہرایا جائے گا، تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتالوں، بنیادی اور دیہی مراکز صحت کی سطح پر مریضوں کی شکایات پر انچارج کے خلاف کارروائی ہو گی،اجلاس میں فیصلے

لاہور(نیا محاز اخبارتازہ ترین۔11جون 2024 ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صحت ماڈل پلان پر عملدرآمد کی منظوری دیدی،شہروں کے ہسپتالوں میں علاج کی بروقت اور معیاری سہولت نہ ملنے پر ایم ایس کو ذمے دار ٹھہرایا جائے گا، تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتالوں، بنیادی اور دیہی مراکز صحت کی سطح پر مریضوں کی شکایات پر انچارج کے خلاف کارروائی ہو گی۔وزیراعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت صحت ماڈل پلان کے حوالے سے اہم اجلاس منعقدہواجس میں صوبائی وزیر صحت،سیکرٹری صحت ،چیف سیکرٹری پنجاب سمیت دیگر نے شرکت کی ۔

اجلاس میں پنجاب کے بجٹ میں 20 فیصد اضافے کی منظوری بھی دی گئی ۔پنجاب کے بڑے ہسپتالوں سے دیہی مراکز صحت تک دوائی، ڈاکٹر اور علاج کے یکساں معیار قائم کرنے پر کام شروع کر دیا گیا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے سرکاری شعبے میں پاکستان کا پہلا کینسر ہسپتال جلد سے جلد مکمل کرنے کا بھی ٹاسک دیتے ہوئے کہا کہ جو عوام کی خدمت کرے گا، اسی کی عزت ہو گی۔

اجلاس میں مانیٹرنگ کیلئے ڈسٹرکٹ کوآرڈینشن کو ٹاسک دینے کا فیصلہ بھی کیاگیا۔اس موقع پر اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ لوگوں کی تکلیف کا جواب اللہ کو دینا ہو گا۔ ایک ایک پیسہ مفت دوائی اور عوام کے معیاری علاج پر خرچ کیا جائیگا۔ لوگوں کو تکلیف دینے والوں کا کڑا محاسبہ ہو گا۔ بزرگوں، بچوں اور خواتین سمیت کسی شہری کو تکلیف دینے والے تکلیف کا شکار ہوں گے۔
وینٹی لیٹرز اور مریضوں کی تعداد میں فرق کم کرنے اور علاج کے معیار کو بہتر بنانے پر سختی سے عملدرآمد ہوگا۔وزیراعلیٰ پنجاب نے ہسپتالوں کے اچانک دوروں کا بھی اعلان کرتے ہوئے کہا کہ مریضو ںکو فراہم کردہ سہولیات کا جائزہ خود لوں گی ۔انہوں نے کہا کہ ہسپتال کا عملہ مریضوں کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آئے ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں