اسلام آباد (نیا محاز اخبارتازہ ترین – اے پی پی۔ 11 جون2024ء) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اپنے دورہ چین کو انتہائی کامیاب قرار دیتے ہوئےکہا ہے کہ سی پیک کے دوسرے مرحلے پر تیزی سے عملدرآمد ہو گا، مستقبل قریب میں اس کے ثمرات عوام تک پہنچیں گے۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے منگل کو وفاقی کابینہ کے اجلاس میں گفتگوکرتے ہوئے کیا۔ وزیراعظم نے کہاکہ کابینہ ارکان کو اجلاس میں خوش آمدید کہتا ہوں۔
چین کے دورے سے 2 روز قبل واپسی ہوئی ہے۔ آپ سب کی کاوشوں اور محنت سے دورہ چین انتہائی مثبت اور کامیاب رہا۔
انہوں نے کہا کہ دورہ چین میں ہونے والی ملاقاتوں میں سکیورٹی سے متعلق امور ایجنڈے میں سرفہرست تھے۔ انہوں نے کہا کہ اس دورے کے نتیجہ میں چین کا اعلیٰ سطحی وفد جلد پاکستان کا دورہ کرے گا۔ وفاقی وزراا وزیر مملکت سمیت تمام کابینہ اراکین کی اجتماعی کاوشوں یہ کامیابی ممکن ہوئی ۔ انہوں نے کہاکہ اللہ تعالیٰ نے چین کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو نئی بلندیوں پر لے جانے کا موقع فراہم کیا۔ سی پیک کے دوسرے مرحلے پر تیزی سے عملدرآمد ہو گا۔ اس حوالے سے چینی قیادت سے مثبت بات چیت ہوئی۔ مستقبل قریب میں اس کے ثمرات عوام تک پہنچیں گے۔