0

قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم سمیت دیگر کھلاڑیوں کو ماہانہ کتنی تنخواہ ملتی ہے؟ حیران کن انکشاف

لاہور (نیا محاز )پاکستان کرکٹ ٹیم نے گزشتہ روز امریکہ کے ہاتھوں اپ سیٹ شکست کے باعث قوم کو شدید مایوس کیا ہے جس کے باعث سوشل میڈیا پر صارفین تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے میمز شیئر کر رہے ہیں ۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کو بھاری معاوضہ اور ہر قسم کی سہولیات فراہم کی جاتی ہیں لیکن کاکردگی مایوس کن ہونے پر ہر کوئی غصے میں دکھائی دیتا ہے تاہم اب آپ کو بتاتے چلیں کہ پی سی بی سینٹرل کنٹریکٹ کی اے کیٹگری میں آنے والے کھلاڑیوں کو 45 لاکھ جبکہ بی کیٹگری کے کھلاڑیوں کو 30 لاکھ روپے ماہانہ تنخواہ ادا کرتا ہے۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے حالیہ کنٹریکٹس کے مطابق کیٹگری اے کے کھلاڑیوں کی ماہانہ تنخواہ میں 202 فیصد جبکہ کیٹگری بی کے کرکٹرز کے لیے 144 فیصد اضافہ کیا گیا تھا۔ کیٹگری سی اور ڈی کے لیے 135 اور 127 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا تھا۔پی سی بی کی جانب سے گزشتہ سال ستمبر میں قومی کرکٹرز کے نئے کنٹریکٹس کا اعلان کیا گیا تھا، قومی کرکٹرز کو کارکردگی کے لحاظ سے اے، بی، سی اور ڈی کیٹگری دی گئی تھی۔

پی سی بی کی طرف سے جاری کردہ لسٹ کے مطابق اے کیٹگری میں بابر اعظم، شاہین آفریدی اور محمد رضوان کو شامل کیا گیا تھا۔ اے کیٹگری میں موجود تینوں کھلاڑیوں کی ماہانہ تنخواہ 45 لاکھ روپے مقرر کی گئی تھی۔
بی کیٹگری میں شامل کھلاڑیوں کو ماہانہ 30 لاکھ روپے تک معاوضہ دیا جارہا ہے۔ بی کیٹگری میں شاداب خان، فخر زمان، حارث رؤف اور نسیم شاہ شامل ہیں۔سی اور ڈی کیٹگری کھلاڑی ساڑھے 7 سے 15 لاکھ روپے تک ماہانہ تنخواہ لے رہے ہیں۔ سی کیٹگری میں عماد وسیم جبکہ ڈی کیٹگری میں افتخار احمد، حسن علی اور صائم ایوب شامل ہیں۔

خیال رہے کہ اس کے علاوہ تینوں فارمیٹ کے مطابق مقررہ میچ فیس اور میچ ایوارڈز بھی قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کے حصے میں آتے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں