178

چیئرمین اوگرا نے یکم جولائی سے گیس کی قیمتوں میں اضافے کا عندیہ دیدی

اسلام آباد(نیا محازاخبارتازہ ترین۔26 مارچ2024 ء) چیئرمین اوگرا مسرو ر احمد خان نے کہا ہے کہ یہ تاثر درست نہیں کہ آئی ایم ایف دباوٴ پر گیس قیمت بڑھائی جارہی ہے،ٹیرف بڑھانا مجبوری ہے ورنہ گیس کمپنیاں بند ہو جائیں گی،ضروری نہیں ہم کمپنیوں کا مطالبے مانتے ہوئے سارا اضافہ کریں تاہم جو بھی اضافہ ہوا وہ جولائی سے لاگو ہوگا۔ ہمارے ماہرین گیس کمپنیوں کے مطالبے پر غور کریں گے اس کے بعد ٹیرف بڑھانے کا حتمی فیصلہ کیا جائیگا۔
آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کے چیئرمین نے مزید کہا کہ گیس ٹیرف بڑھانے کی درخواست کمپنیوں کے اخراجات اور سرکلر ڈیٹ بڑھنے کی وجہ سے آئی ہے۔یاد رہے کہ گزشتہ روز سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ (ایس این جی پی ایل) کی جانب سے گیس ٹیرف میں مزید 147 فیصد اضافے کی درخواست پر عوامی سماعت ہوئی تھی۔
چیئرمین اوگرا مسرور احمد خان نے یقین دلایاکہ صارفین کی مشکلات، کمپنیز کے مسائل کو مدنظر رکھتے ہوئے گیس کی قیمتوں میں ردو بدل کا فیصلہ کریں گے۔

گیس کی قیمتوں کو مرحلہ وار بڑھنا چاہیے تھا۔سماعت کے دوران صارفین گیس کی قیمت مہنگی کرنے پر پھٹ پڑے تھے جبکہ سٹیک ہولڈرز کا کہنا تھا کہ پہلے ہی گیس مہنگی ہونے سے ہزاروں دکانیں، تندور، فیکٹریاں بند ہیں اور بے روزگاری پھیل چکی ہے، چار ڈالر کی گیس 15 ڈالر میں فروخت کرنے کے باوجود اضافہ مانگا جا رہا ہے۔سماعت کے دوران، سوئی سدرن کے چیف فنانشل آفیسر کامران اکرم نے دلائل میں کہا تھاکہ ادائیگیوں کے حوالے سے سوئی ناردرن گیس کے حالات خراب ہیں، 6 ماہ قبل قیمت میں اضافے کی یہ درخواست فائل کی گئی تھی اور آج بین الاقوامی منڈی میں خام تیل کی قیمت بڑھ چکی ہے۔چیئرمین اوگرا نے کہا کہ گیس کی قیمتوں میں ردو بدل کا اطلاق تمام چیزوں کا جائزہ لینے کے بعد کیا جائیگا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں