نیویارک(نیا محاز ) سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ’ایکس‘ (سابقہ ٹوئٹر)نے فحش ویڈیوز سے متعلق اپنی پالیسی میں تبدیلی کی ہے۔
دی گارڈین کے مطابق نئی پالیسی کے تحت ایکس پر فحش ویڈیوز کو قانونی حیثیت حاصل ہو گئی ہے تاہم ایکس انتظامیہ نے نئی پالیسی میں اس بات کو یقینی بنایا ہے کہ وہ 18سال سے کم عمر ایکس صارفین تک فحش مواد نہیں پہنچنے دیں گے۔
رپورٹ کے مطابق مختلف ممالک کی طرف سے ایکس انتظامیہ پر فحش مواد کے حوالے سے دبائو ڈالا جا رہا تھا کیونکہ اس پلیٹ فارم پر فحش مواد کے حوالے سے کوئی روک تھام نہیں تھی، کوئی بھی فحش ویڈیوز پوسٹ کر سکتا تھا اور کوئی بھی انہیں دیکھ سکتا تھا تاہم پیر کے روز اعلان کردہ پالیسی میں ایکس انتظامیہ کی طرف سے کہا گیا ہے
کہ اب کم عمر لوگ فحش مواد تک رسائی حاصل نہیں کر سکیں گے۔
اس کے علاوہ جو لوگ اب فحش مواد پوسٹ کریں گے انہیں ایکس کی طرف سے اپنی میڈیا سیٹنگز کو ایڈجسٹ کرنے کو کہا جائے گا۔ صارفین سیٹنگز میں جا کر اپنے پوسٹ کردہ فحش مواد پر ’کنٹینٹ وارننگ‘ کے آپشن کو آن یا آف کر سکیں گے۔ اس کے علاوہ نئی پالیسی میں واضح کیا گیا ہے کہ 18سال سے کم عمر افراد کے علاوہ جن لوگوں نے پروفائل میں اپنی عمر ظاہر نہ کر رکھی ہو گی، وہ بھی فحش مواد تک رسائی حاصل نہیں کر سکیں گے۔