مظفرآباد(نیا محاز )مظفرآباد کی انسداد دہشت گردی عدالت نے سلو پوائزن کے شبے کی درخواست پر شاعر احمد فرہاد کے طبی معائنے کا حکم دے دیا۔
شاعر احمد فرہاد کی گرفتاری سے متعلق کیس کی سماعت مظفرآباد کی انسداد دہشتگردی عدالت میں ہوئی۔ احمد فرہادکی اہلیہ نے موجود وکیل کو تبدیل کرکے سینئر قانون دان سردارکے ڈی خان اور محمودبیگ کو احمد فرہاد کا وکیل مقرر کرنے کی درخواست کی جسے عدالت نے قبول کر لیا۔وکیل سردار کے ڈی خان نے نئی درخواست میں الزام لگایا ہے کہ احمد فرہاد کو سلو پوائزن دیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی گزشتہ رات احمد فرہاد سے ملاقات ہوئی مگر ان کی حالت ٹھیک نہیں تھی۔ اس پر عدالت نے احمد فرہاد کے طبی معائنے کا حکم دے دیا۔عدالتی حکم پر عباس انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز کےڈاکٹروں کی ٹیم احمد فرہادکا طبی معائنہ کرے گی۔ عدالت نے احمد فرہاد کیس کی سماعت 3 جون تک ملتوی کرتے ہوئے کہا کہ پیر کو کیس پر بحث کی جائے گی۔
یاد رہے وفاقی حکومت نے اسلام آباد سے 15 دن تک لاپتہ رہنے والے شاعر اور صحافی احمد فرہاد کی گرفتاری 3 روز قبل ظاہر کی تھی اور اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان نے اسلام آباد ہائیکورٹ کو بتایا تھا کہ احمد فرہاد گرفتار اور آزاد کشمیر پولیس کی تحویل میں ہیں۔