لاہور (ویب ڈیسک) پاکستان کے صف اول کے اداکار ہمایوں سعید نہ صرف ڈرامہ انڈسٹری بلکہ فلم انڈسٹری میں بھی اپنا لوہا منوایا اور کچھ عرصہ قبل نشر ہونے والے ان کے ڈرامے ’ میرے پاس تم ہو‘ نے گزشتہ تمام ریکارڈ بھی توڑ ڈالے تاہم حقیقی زندگی میں ان کی شادی کو لمبا عرصہ گزر چکا ہے لیکن ان کے گھر اولاد نہیں اور اس معاملے پر انہوں نے پہلی مرتبہ ایک یوٹیوب چینل پر دیئے گئے انٹرویو میں گفتگو کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ہمایوں سعید نے ثمینہ ہمایوں سے پسند کی شادی کی ہے لیکن اس جوڑے کے کوئی بچے نہیں ہیں۔حال ہی میں یوٹیوب چینل کے ایک وائرل انٹرویو میں ہمایوں سعید نے بچے نہ ہونے کی وجہ بتا ئی،ہمایوں سعید نے کہا کہ کچھ مسائل کی وجہ سے ہمارے بچے نہیں ہیں، یہ اللہ کی طرف سے ہے کہ ہمارے بچے نہیں ہیں، لیکن میں اپنے آس پاس کے تمام بچوں سے پیار کرتا ہوں۔
انہوں نے مزید کہا کہ وہ اب اسکینڈلز کا حصہ بننا پسند نہیں کرتے، کیونکہ اس سے ان کے خاندان پر اثر پڑتا ہے اور وہ اپنے خاندان سے محبت کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پہلے اسکینڈلز مجھے پریشان نہیں کرتے تھے، لیکن سوشل میڈیا کی آمد کے بعد باتیں تیزی سے پھیلنے لگتی ہیں اور لوگ ہر قسم کی باتوں کو اہمیت دینے لگتے ہیں، یہ جانے بغیر کہ یہ سچ ہے یا جھوٹ۔ اس لیے اب مجھے اس کی پرواہ ہے،پہلے لوگ عائشہ خان، مشی خان اور دیگر کے ساتھ میری جعلی شادیوں جیسے اسکینڈلز پر یقین کرتے تھے، لیکن حقیقت یہ ہے کہ میں نے صرف ایک شادی کی ہے اور وہ ثمینہ سے ہے۔
بالی ووڈ کے بارے میں انہوں نے کہا کہ، مجھے بالی ووڈ سے ابھی تک کوئی خاص آفر نہیں ہوئی ہے، ایک مرتبہ عامر خان نے مجھے اپنی فلم ”گنجنی“ کے لیے ایک کردار آفر کیا تھا اور میں وہاں گیا بھی تھا مگر پھر عامر خان نے مجھ سے کہا کہ یہ رول میرے لیے منا سب نہیں ہے اور مجھے بھی ایسا ہی لگا، اس لیے میں واپس آگیا۔ ویسے بھی مجھے اپنی فلم انڈسٹری میں کام کرنا پسند ہے اور میں اسے ترقی کرتا دیکھنا چاہتا تھا۔ آج جب اچھی فلمیں بن رہی ہیں اور دنیا کے دیگر ممالک میں دیکھی جا رہی یں ،تو مجھے اپنا کیریئر بنانے کے لیے کسی اور طرف دیکھنے کی ضرورت نہیں ہے۔