پیرس (نیا محاذ): فرانس کے ایک نرسنگ ہوم میں انتقال کرنے والے 89 سالہ تنہا شخص پال نارسی کی زندگی کا سب سے بڑا راز ان کی وفات کے بعد سامنے آیا، جب ان کے گھر کی دیوار کے پیچھے چھپا خزانہ دریافت ہوا — جو 3.8 ملین ڈالر میں نیلام ہو گیا۔
پال نارسی کو سونے کے نایاب سکوں کا جنون کی حد تک شوق تھا، انہوں نے اپنی پوری زندگی ان تاریخی سکوں کی جمع آوری میں گزار دی۔ ان کے اس نایاب ذخیرے میں 323 سے 336 قبل مسیح کے مقدونیہ کے سکے، فرانسیسی بادشاہوں کے دور کے سکے اور یہاں تک کہ وہ سکے بھی شامل تھے جو 1793 میں بادشاہ لوئس سولہ کی موت سے قبل جاری کیے گئے تھے۔
سکہ شناس ماہر تھیری پارسی کے مطابق یہ مجموعہ اپنی مثال آپ ہے، جو نہ صرف مقدار میں بڑا تھا بلکہ معیار کے لحاظ سے بھی بے حد قیمتی تھا۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ “میں نے آج تک اتنا بڑا اور اعلیٰ معیار کا مجموعہ نہیں دیکھا۔”
نارسی کی کوئی اولاد یا قریبی وارث نہیں تھا، ان کی بہن جو ان کے ساتھ یہ سکے جمع کرتی تھیں، ان کی وفات کے بعد وہ تنہا نرسنگ ہوم منتقل ہو گئے۔ ان کا یہ خزانہ ایک الماری کی دیوار کے پیچھے خفیہ طور پر چھپا ہوا تھا۔
نیلامی میں سونے کے تاریخی سکے تو فروخت کر دیے گئے، جبکہ نپولین دور کے سکے علیحدہ نیلامی میں پیش کیے جائیں گے۔ حاصل ہونے والی رقم اب ان کے دور دراز کے رشتہ داروں کو منتقل کی جائے گی۔
یہ ایک ایسی کہانی ہے جو خوابوں جیسی لگتی ہے، لیکن حقیقت میں سونے جیسے شوق اور تنہائی کی حیران کن داستان ہے۔
