بلاوائیو (نیا محاذ): جنوبی افریقی اسپنر کیشو مہاراج نے ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی شاندار کارکردگی کے ذریعے نئی تاریخ رقم کر دی۔ انہوں نے زمبابوے کے خلاف جاری پہلے ٹیسٹ میچ میں اپنی 200 ویں ٹیسٹ وکٹ مکمل کر کے ایک اہم اعزاز اپنے نام کر لیا ہے۔
35 سالہ مہاراج نے یہ کارنامہ زمبابوے کی پہلی اننگز کے 34ویں اوور میں سرانجام دیا، جب انہوں نے حریف کپتان کریگ ایرون کو پویلین کی راہ دکھائی۔ اس وکٹ کے ساتھ ہی وہ جنوبی افریقا کی تاریخ میں 200 ٹیسٹ وکٹیں مکمل کرنے والے پہلے اسپنر بن گئے۔
مہاراج نے یہ اعزاز اپنے 59ویں ٹیسٹ میچ میں حاصل کیا ہے، جو ایک بڑی کامیابی تصور کی جا رہی ہے۔ اس سے قبل جنوبی افریقا کے کسی بھی اسپنر نے یہ سنگ میل عبور نہیں کیا تھا۔
یاد رہے کہ جنوبی افریقا کے لیے سب سے زیادہ ٹیسٹ وکٹیں لینے کا ریکارڈ سابق فاسٹ بولر ڈیل اسٹین کے پاس ہے، جنہوں نے 93 میچز میں 439 وکٹیں حاصل کی تھیں۔
بلاوائیو ٹیسٹ میں بھی جنوبی افریقی ٹیم کا پلڑا بھاری دکھائی دیتا ہے۔ مہمان ٹیم نے دوسری اننگز میں ایک وکٹ کے نقصان پر 49 رنز بنا لیے ہیں اور اس وقت تک ان کی مجموعی برتری 216 رنز ہو چکی ہے۔
اس سے پہلے جنوبی افریقا نے پہلی اننگز میں 418 رنز کا بڑا مجموعہ ترتیب دیا، جس کے جواب میں زمبابوے کی پوری ٹیم صرف 251 رنز پر ڈھیر ہو گئی تھی۔
کیشو مہاراج کی اس شاندار کارکردگی نے نہ صرف میچ پر جنوبی افریقا کی گرفت مضبوط کی ہے بلکہ انہیں ملک کی تاریخ میں بھی ایک منفرد مقام دلا دیا ہے۔
