0

14 سال سے زیر التوا ماڈل جیل منصوبے میں تیزی، محسن نقوی کا تعمیراتی کام جلد مکمل کرنے کا حکم

اسلام آباد (نیا محاذ): وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے اسلام آباد میں 14 سال سے تاخیر کا شکار ماڈل جیل کے منصوبے کا دورہ کیا اور تعمیراتی سرگرمیوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔
دورے کے دوران وزراء نے جیل کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا اور افسران کو ہدایت دی کہ منصوبے کا پہلا مرحلہ رواں برس ہر صورت مکمل کیا جائے۔ وزیر داخلہ نے زور دیا کہ دن رات کی بنیاد پر کام جاری رکھا جائے تاکہ جیل کی تعمیر جلد از جلد مکمل ہو سکے۔
محسن نقوی نے منصوبے کے پہلے مرحلے میں 1500 قیدیوں کے لیے گنجائش فراہم کرنے کی ہدایت دی جبکہ اگلے 90 دنوں میں دو نئی بیرکس کی تعمیر کو یقینی بنانے کا بھی حکم دیا۔ انہوں نے جیل کے اندر 34 بستروں پر مشتمل ہسپتال اور مین کچن کی تعمیر کو بھی جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایات جاری کیں۔
وزیر داخلہ نے ڈی آئی جی اسلام آباد پولیس کو ہدایت کی کہ ماڈل جیل میں سٹاف کی تعیناتی کے لیے فوری پلان تیار کر کے پیش کیا جائے۔
یاد رہے کہ یہ منصوبہ 2011 میں شروع کیا گیا تھا لیکن کئی برسوں سے مختلف وجوہات کی بنا پر تاخیر کا شکار رہا۔ وزراء کے ہمراہ وفاقی سیکرٹری داخلہ، ڈی آئی جی اسلام آباد پولیس، ڈپٹی کمشنر، اے ڈی سی جی، سی ڈی اے حکام، کنٹریکٹرز اور کنسلٹنٹس بھی موجود تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں