کراچی: (نیا محاذ) پاکستان اسٹاک مارکیٹ نے نئے مالی سال کا شاندار آغاز کرتے ہوئے تاریخ کی بلند ترین سطح کو چھو لیا ہے، جہاں سرمایہ کاروں کے بڑھتے ہوئے اعتماد کے باعث کاروباری سرگرمیوں میں زبردست تیزی دیکھی گئی۔
منگل کے روز کاروباری ہفتے کے دوسرے دن اسٹاک ایکسچینج میں 100 انڈیکس میں 1100 پوائنٹس کا نمایاں اضافہ ہوا، جس سے انڈیکس 1,26,669 پوائنٹس تک جا پہنچا، تاہم مارکیٹ کی تیزی نے اسے مزید آگے دھکیل دیا اور انڈیکس نے 1,27,000 پوائنٹس کی سطح بھی عبور کر لی۔
کاروبار کے دوران مجموعی طور پر انڈیکس میں 1248 پوائنٹس کا شاندار اضافہ ہوا، جس سے 100 انڈیکس 1,26,876 پوائنٹس کی نئی بلند ترین سطح پر بند ہوا۔ رپورٹنگ کے وقت انڈیکس مزید بہتری کے بعد 1,27,538 پوائنٹس پر ٹریڈ کر رہا تھا۔
تجزیہ کاروں کے مطابق اس زبردست تیزی کے پیچھے کئی اہم عوامل کارفرما ہیں، جن میں چین کی جانب سے 3.4 ارب ڈالر قرض کا رول اوور، آئی ایم ایف کی شرائط کے مطابق زرمبادلہ ذخائر میں بہتری اور امریکا کے ساتھ ممکنہ تجارتی معاہدے شامل ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز بھی اسٹاک مارکیٹ میں مثبت رجحان برقرار رہا تھا اور انڈیکس 1248 پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ 1,25,627 پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔ صرف گزشتہ روز ہی 25 کروڑ 89 لاکھ سے زائد شیئرز کا لین دین ہوا، جن کی مالیت 20 ارب 30 کروڑ روپے سے تجاوز کر گئی تھی۔
اس تیزی سے ظاہر ہوتا ہے کہ سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہو رہا ہے اور ملکی معیشت مستقبل قریب میں بہتری کی جانب گامزن ہو سکتی ہے۔
