0

والدین ہوشیار رہیں: بچوں کی آن لائن دنیا میں حفاظت کیلئے سائبر رسپانس ٹیم کی اہم ایڈوائزری جاری

نیا محاذ
اسلام آباد: قومی سائبر ایمرجنسی رسپانس ٹیم نے والدین کے لیے ایک اہم ایڈوائزری جاری کی ہے، جس میں بچوں کو ڈیجیٹل دنیا میں محفوظ رکھنے سے متعلق ضروری اقدامات کی نشاندہی کی گئی ہے۔
ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ والدین کو چاہیے کہ وہ اپنے بچوں کو انٹرنیٹ کے محفوظ اور ذمہ دارانہ استعمال کی تربیت دیں۔ بچوں کو ذاتی معلومات جیسے گھر کا پتہ، اسکول کی تفصیل یا فون نمبر شیئر کرنے سے باز رکھنے پر زور دیا گیا ہے۔
سائبر ٹیم کے مطابق والدین کو بچوں کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس، پوسٹس، تصاویر اور پیغامات پر باقاعدہ نظر رکھنی چاہیے، تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے سے بروقت بچاؤ کیا جا سکے۔
ایڈوائزری میں تجویز دیا گیا ہے کہ والدین سوشل میڈیا پرائیویسی سیٹنگز کو مضبوط کریں اور پیرنٹل کنٹرول سافٹ ویئر جیسے گوگل فیملی لنک یا مائیکروسافٹ فیملی سیفٹی کا مؤثر استعمال کریں۔
مزید یہ کہ بچوں کو مشکوک آن لائن مواد، غیر موزوں ویب سائٹس یا خطرناک چیلنجز کی صورت میں فوری طور پر والدین یا متعلقہ اداروں کو اطلاع دینے کی تربیت دی جائے۔
ایڈوائزری میں زور دیا گیا ہے کہ والدین بچوں کے انٹرنیٹ استعمال کے اوقات اور حدود مقرر کریں اور انہیں سائبر بلیئنگ یا آن لائن ہراسانی سے بچاؤ کے طریقے بھی سکھائیں۔
سائبر رسپانس ٹیم کے مطابق بچوں کی آن لائن سرگرمیوں پر ذمہ دارانہ نگرانی ہی انہیں محفوظ ڈیجیٹل ماحول فراہم کر سکتی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں