نیوجرسی (نیا محاذ)
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ماسکو کے کیف پر اب تک کے سب سے بڑے حملے کے بعد روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کو ’پاگل‘ قرار دے دیا اور ان کے حالیہ اقدامات پر سخت ناپسندیدگی کا اظہار کیا ہے۔
ٹرمپ نے کہا کہ پیوٹن نے اب شہروں پر راکٹ حملے شروع کر دیے ہیں اور بے شمار لوگوں کو ہلاک کر رہا ہے، جو کہ قابل قبول نہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ پیوٹن کو کافی عرصے سے جانتے ہیں اور پہلے تعلقات بہتر تھے، لیکن اب صورتحال مختلف ہو گئی ہے۔
صحافیوں سے گفتگو میں انہوں نے مزید کہا کہ روس پر امریکی پابندیاں بڑھانے پر غور کیا جا رہا ہے اور یہ اقدام یقینی طور پر اٹھایا جائے گا۔
ٹرمپ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ٹروتھ سوشل‘ پر بھی پیوٹن کو پاگل قرار دیتے ہوئے لکھا کہ پیوٹن پورے یوکرین پر قبضہ چاہتا ہے، جو روس کے زوال کا باعث بن سکتا ہے۔
اسی دوران، ٹرمپ نے یوکرینی صدر زیلنسکی پر بھی تنقید کی اور کہا کہ ان کے بیانات ملک کے مفاد میں نہیں ہیں اور اگر وہ خود صدر ہوتے تو یہ جنگ کبھی شروع نہ ہوتی۔
ٹرمپ کا موقف ہے کہ موجودہ جنگ بائیڈن، زیلنسکی اور پیوٹن کی ہے، اور ان کی جنگ نہیں۔
