0

شہباز شریف کی ترک صدر اردوان سے اہم ملاقات، دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط بنانے پر اتفاق

انقرہ (نیا محاذ )
ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے کہا ہے کہ انہیں وزیرِاعظم پاکستان شہباز شریف اور ان کے وفد کی میزبانی کر کے خوشی ہوئی۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری ترک زبان میں اپنے پیغام میں انہوں نے بتایا کہ ملاقات میں کئی اہم امور پر تفصیلی بات چیت ہوئی، جن میں معیشت، تجارت اور سلامتی شامل ہیں۔
صدر اردوان نے اس بات پر زور دیا کہ ترکیہ اور پاکستان کے درمیان تعلقات کو ہر شعبے میں مزید مضبوط بنانے کے لیے باہمی تعاون جاری رکھا جائے گا۔ انہوں نے پاکستانی عوام کے لیے نیک تمناؤں اور محبت کا پیغام بھی دیا اور وزیراعظم شہباز شریف کے دورہ ترکیہ پر ان کا شکریہ ادا کیا۔
شہباز شریف کا اظہار تشکر
اس سے قبل وزیراعظم شہباز شریف نے بھی صدر اردوان کو “پیارے بھائی” کہہ کر خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے لکھا کہ استنبول میں صدر اردوان سے ملاقات کا موقع ملا، جس میں پاک بھارت حالیہ کشیدگی میں ترکیہ کی غیر متزلزل حمایت پر دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ترکیہ کی حمایت نے پاکستان کی مؤقف کو تقویت دی اور ہماری سفارتی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔
وزیراعظم نے بتایا کہ ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان کثیرالجہتی دو طرفہ تعلقات، خصوصاً تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ دونوں ممالک ناقابلِ تسخیر برادرانہ تعلقات اور باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لیے مل کر کام کرتے رہیں گے۔
ملاقات کی تفصیلات
ملاقات کے اعلامیے کے مطابق دونوں رہنماؤں نے دو طرفہ دیرینہ، تاریخی اور ثقافتی تعلقات پر تبادلہ خیال کیا اور انہیں مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا۔ وزیراعظم نے خاص طور پر پاک بھارت کشیدگی کے دوران ترکیہ کی حمایت کو سراہا اور اسے دونوں ممالک کے درمیان تاریخی، لازوال رشتے کی عکاسی قرار دیا۔
رپورٹ: نیا محاذ

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں