لندن: (نیا محاذ) برطانیہ میں سیاسی پناہ لینے والوں میں پاکستانی شہری سرفہرست آ گئے ہیں۔ برطانوی وزارت داخلہ کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ برس سیاسی پناہ کے لیے درخواست دینے والے پاکستانیوں کی تعداد 11 ہزار 48 رہی، جو کہ تمام اقوام میں سب سے زیادہ ہے۔
رپورٹ کے مطابق مارچ 2025 میں ختم ہونے والے سال کے دوران برطانیہ میں 1 لاکھ 9 ہزار 343 افراد نے سیاسی پناہ کے لیے درخواستیں دیں۔ ان میں پاکستانی درخواست گزاروں کا تناسب نمایاں طور پر بڑھا ہے، جبکہ گزشتہ دو برسوں یعنی 2023 اور 2024 میں پاکستان کا نمبر تیسرا تھا۔
مزید تفصیلات کے مطابق ان پناہ گزینوں میں سے 33 فیصد افراد نے برطانیہ پہنچنے کے لیے چھوٹی کشتیوں کے ذریعے سمندر عبور کیا۔ برطانیہ کی حکومت اس رجحان کو تشویشناک قرار دے چکی ہے اور امیگریشن قوانین کو سخت بنانے پر غور کر رہی ہے۔
برطانوی وزارت داخلہ کے مطابق پناہ کے متلاشی افراد میں افغانی شہری دوسرے نمبر پر رہے، جن کی تعداد 8 ہزار 69 رہی۔ حکام کا کہنا ہے کہ جنوبی ایشیائی ممالک کے شہریوں کی جانب سے برطانیہ میں پناہ کی تلاش میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔
یہ رپورٹ نہ صرف برطانوی امیگریشن پالیسیوں پر اثر انداز ہو سکتی ہے بلکہ پاکستانی شہریوں کے لیے مستقبل میں پناہ حاصل کرنا مزید مشکل ہو سکتا ہے۔
