0

لاہور سمیت پنجاب شدید گرمی کی لپیٹ میں، پارہ 43 ڈگری تک جانے کا امکان

لاہور: (نیا محاذ) لاہور سمیت پنجاب بھر کے شہری شدید گرمی کی لہر کا سامنا کر رہے ہیں، جہاں سورج کی تپش نے سڑکوں کو دہکا دیا ہے اور شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چند روز تک موسم مزید گرم اور خشک رہے گا، جبکہ درجہ حرارت 43 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
آج لاہور میں کم سے کم درجہ حرارت 28 ڈگری جبکہ زیادہ سے زیادہ 43 ڈگری تک جانے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ دوپہر کے وقت گرد آلود ہواؤں کے چلنے کا بھی امکان ہے، جس سے موسم مزید خشک ہو جائے گا۔ محکمہ موسمیات نے بتایا ہے کہ اگلے 2 سے 3 دنوں تک بارش کی کوئی امید نہیں ہے۔
شدید گرمی کے باعث شہریوں کے معمولات زندگی متاثر ہو رہے ہیں۔ بازاروں اور گلیوں میں رش کم دکھائی دے رہا ہے جبکہ ٹھنڈے مشروبات اور پانی کی طلب میں واضح اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ دکانداروں کے مطابق گرمی کی شدت کے ساتھ ہی آئس کریم اور ٹھنڈے مشروبات کی فروخت میں غیر معمولی اضافہ ہوا ہے۔
ماہرین صحت کی احتیاطی ہدایات
ماہرین صحت نے عوام کو مشورہ دیا ہے کہ شدید گرمی میں خود کو محفوظ رکھنے کے لیے زیادہ پانی اور مشروبات کا استعمال کریں، دھوپ میں نکلنے سے پرہیز کریں، اور اگر نکلنا ضروری ہو تو سر کو ڈھانپ کر باہر نکلیں۔ خاص طور پر بزرگ، بچے اور بیمار افراد کے لیے احتیاطی تدابیر کو اپنانا نہایت ضروری ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں