0

او آئی سی کا تہران اعلامیہ منظور، مصنوعی ذہانت میں باہمی تعاون پر زور

تہران – (نیا محاذ) اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) نے تہران میں ہونے والے وزارتی اجلاس کے بعد “تہران اعلامیہ” کو متفقہ طور پر منظور کر لیا، جس میں رکن ممالک کے درمیان مصنوعی ذہانت (AI) کے شعبے میں تعاون کو پائیدار ترقی کے لیے ایک بنیادی ستون قرار دیا گیا۔
اعلامیہ میں اس بات پر زور دیا گیا ہے کہ اخلاقی اور قابل اعتماد آرٹیفیشل انٹیلی جنس کے ذریعے رکن ممالک کو معاشی، سائنسی اور سماجی ترقی کی راہ پر گامزن کیا جا سکتا ہے۔
اجلاس میں پاکستان، سعودی عرب، ترکیہ، انڈونیشیا، ملائیشیا، قازقستان، قطر، تیونس اور برونائی سمیت کئی مسلم ممالک کے اعلیٰ سطحی وفود نے شرکت کی۔ اعلامیے میں خاص طور پر تعلیم، تحقیق، انفراسٹرکچر، گورننس اور ٹیکنالوجی کی منتقلی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کی ضرورت پر روشنی ڈالی گئی۔
رکن ممالک نے آرٹیفیشل انٹیلی جنس کے لیے دوستانہ ماحولیاتی نظام، ٹیلنٹ ایکسچینج، پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپس اور بہترین پریکٹسز کے تبادلے کے عزم کا اظہار کیا۔
اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ AI اسٹارٹ اپس، فیلوشپس، ٹریننگ پروگرامز اور انویشن فورمز میں سرمایہ کاری کی جائے گی تاکہ صحت، موسمیاتی تبدیلی، خوراک اور پانی کے تحفظ جیسے عالمی چیلنجز سے مشترکہ تحقیق کے ذریعے نمٹا جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں