0

پاکستان، چین اور افغانستان کا سی پیک کو توسیع دے کر افغانستان تک بڑھانے پر اتفاق

بیجنگ: (نیا محاذ) پاکستان، چین اور افغانستان کے درمیان سی پیک (چین پاکستان اقتصادی راہداری) منصوبے کو افغانستان تک توسیع دینے پر اصولی اتفاق ہو گیا ہے۔ بیجنگ میں ہونے والی ایک غیر رسمی سہ فریقی ملاقات میں پاکستان کے وزیر خارجہ اسحاق ڈار، افغانستان کے قائم مقام وزیر خارجہ امیر خان متقی اور چین کے ہم منصب نے مشترکہ طور پر یہ فیصلہ کیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق تینوں ممالک نے نہ صرف سی پیک کو افغانستان تک بڑھانے پر اتفاق کیا بلکہ خطے میں درپیش دہشتگردی کے چیلنج سے نمٹنے کے لیے مشترکہ تعاون پر بھی زور دیا۔
اس ملاقات کے دوران علاقائی سلامتی، معاشی روابط اور بیلٹ اینڈ روڈ انیشیٹو کو آگے بڑھانے پر بھی مفاہمت ہوئی۔ تینوں وزرائے خارجہ نے باہمی تعاون کو مزید گہرا کرنے پر اتفاق کیا تاکہ خطے میں ترقی، خوشحالی اور امن کو یقینی بنایا جا سکے۔
ترجمان کے مطابق سہ فریقی وزرائے خارجہ کا چھٹا اجلاس آئندہ بار کابل میں منعقد کیا جائے گا، جس میں منصوبے کو مزید عملی شکل دینے پر غور کیا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں