واشنگٹن: (نیا محاذ) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ روس اور یوکرین کے درمیان جنگ بندی کے لیے سرگرم ہو گئے ہیں۔ واشنگٹن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے اعلان کیا کہ دونوں ممالک کے درمیان جنگ بندی مذاکرات جلد شروع ہونے جا رہے ہیں، جن کی شرائط روس اور یوکرین خود طے کریں گے۔
صدر ٹرمپ نے بتایا کہ ان کی روسی صدر ولادیمیر پیوٹن سے بات چیت بہت مثبت رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ روس جنگ بندی کے بعد امریکہ کے ساتھ بڑے پیمانے پر تجارتی تعلقات قائم کرنا چاہتا ہے۔
امریکی صدر نے مزید کہا کہ جرمنی، فرانس، اٹلی اور فن لینڈ کو بھی اس پیش رفت سے باقاعدہ طور پر آگاہ کر دیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ ٹرمپ اور پیوٹن کے درمیان ٹیلی فونک گفتگو دو گھنٹے سے زائد جاری رہی۔
دوسری جانب روسی صدر پیوٹن نے بھی اس گفتگو کو مثبت اور تعمیری قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ روس یوکرین کے ساتھ جنگ بندی کی یادداشت تیار کرنے پر آمادہ ہے۔
