0

ملک بھر میں ہیٹ ویو کا خدشہ، پی ڈی ایم اے اور محکمہ موسمیات نے الرٹ جاری کر دیا

لاہور: (نیا محاذ) پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے درجہ حرارت میں خطرناک حد تک اضافے اور متوقع ہیٹ ویو کے پیش نظر عوام اور متعلقہ اداروں کو الرٹ جاری کر دیا ہے، جبکہ محکمہ موسمیات نے ملک کے بیشتر میدانی علاقوں میں آئندہ چار روز شدید گرمی کی لہر رہنے کی پیش گوئی کی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 20 سے 24 مئی کے دوران سندھ، جنوبی پنجاب اور بلوچستان کے اضلاع میں دن کے وقت درجہ حرارت معمول سے 4 سے 6 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہنے کا امکان ہے۔ جبکہ وسطی اور بالائی پنجاب، اسلام آباد، خیبرپختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں درجہ حرارت معمول سے 5 سے 7 ڈگری سینٹی گریڈ بڑھ سکتا ہے۔
ریلیف کمشنر پنجاب نبیل جاوید نے صوبے بھر کے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت دی ہے کہ وہ متوقع ہیٹ ویو کے خطرے کے پیش نظر الرٹ رہیں اور تمام متعلقہ ادارے بھرپور تیاری کے ساتھ متحرک رہیں۔
پی ڈی ایم اے کے ترجمان کے مطابق شدید گرمی کے دوران کچھ علاقوں میں آندھی اور تیز ہواؤں کے امکانات بھی موجود ہیں۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ کو ہنگامی اقدامات کرنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے، جن میں عوامی مقامات پر صاف پانی کی فراہمی کو یقینی بنانا شامل ہے۔
ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے کہا ہے کہ اسپتالوں اور موبائل ہیلتھ یونٹس میں ہیٹ اسٹروک سے متاثرہ افراد کے لیے فوری طبی امداد کی فراہمی کا بندوبست کیا جائے۔ عوام کو بھی ہدایت کی گئی ہے کہ دوپہر کے اوقات میں باہر جانے سے گریز کریں، ہلکے رنگ کے کپڑے پہنیں، سر ڈھانپ کر رکھیں اور بچوں و بزرگوں کا خاص خیال رکھیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں