نیویارک: (نیا محاذ) اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار احمد نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کو حل کیے بغیر جنوبی ایشیا میں مستقل امن کا خواب پورا نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے عرب ممالک کے سفیروں کو جنوبی ایشیا کی حالیہ صورتحال پر بریفنگ دیتے ہوئے اس مسئلے کو خطے میں کشیدگی کی اصل جڑ قرار دیا۔
عاصم افتخار احمد نے بتایا کہ بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کی یکطرفہ معطلی اور دیگر اشتعال انگیز اقدامات نہ صرف خطے کے امن کے لیے خطرہ ہیں بلکہ یہ عالمی قوانین اور اقوام متحدہ کے چارٹر کی صریح خلاف ورزی بھی ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ بھارت کی جارحیت کے جواب میں پاکستان نے عالمی اصولوں کے تحت اپنے دفاع کا حق استعمال کیا، اور اس ردعمل میں مکمل توازن اور ذمہ داری کا مظاہرہ کیا گیا۔
پاکستانی مندوب نے مزید کہا کہ پاکستان جنگ بندی کے احترام، کشیدگی میں کمی اور امن کے قیام کے لیے ہر ممکن کوشش کر رہا ہے۔ انہوں نے عرب سفیروں کو یقین دلایا کہ پاکستان خطے میں استحکام اور تعاون کا خواہشمند ہے۔
عاصم افتخار نے اس بات پر زور دیا کہ مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق حل کرنا ناگزیر ہے، ورنہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کا قیام ممکن نہیں ہوگا۔
