اسلام آباد: (نیا محاذ) پاکستان کے کامیاب آپریشن بنیان مرصوص کی اہمیت کو کم کرنے کے لیے بھارت کی ایک بڑی سازش بے نقاب ہوگئی ہے، جس کے پیچھے بھارتی خفیہ ایجنسیاں اور ان کے زیر اثر میڈیا کارفرما ہیں۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق آپریشن بنیان مرصوص میں ہزیمت اٹھانے کے بعد بھارتی سرکار اور افواج تاحال ذہنی دباؤ کا شکار ہیں۔ اسی ذہنی دباؤ کے تحت بھارتی خفیہ ایجنسیوں نے فتنہ الخوراج کے سابق ترجمان احسان اللہ احسان کی خدمات حاصل کر کے پاکستان مخالف پراپیگنڈہ کا نیا محاذ کھولا ہے۔
ذرائع نے انکشاف کیا کہ احسان اللہ احسان نے بھارتی اخبار دی سنڈے گارڈین میں ایک متنازع مضمون تحریر کیا، جس میں بے بنیاد دعویٰ کیا گیا کہ پاکستان مقبوضہ کشمیر میں دہشتگردانہ حملوں کی منصوبہ بندی کر رہا ہے۔ سکیورٹی ماہرین نے اس الزام کو یکسر مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ بھارتی سازش کا حصہ ہے، جس کا مقصد آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی کو ماند کرنا ہے۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق دی سنڈے گارڈین ایک پروپیگنڈہ ٹول ہے، جسے بھارتی خفیہ ایجنسی ’’را‘‘ مالی معاونت فراہم کرتی ہے۔ اخبار کے مالک کارتیکیہ شرما، وزیر اعظم مودی کے قریبی ساتھی اور آر ایس ایس نظریات کے سخت حامی سمجھے جاتے ہیں۔ اخبار کے مرکزی لکھاری ابھینندن مشرا بھی اسی سازشی منصوبے میں شامل ہیں، جنہوں نے سب سے پہلے احسان اللہ احسان کی فرار کی خبر دی تھی۔
ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ احسان اللہ احسان کا بھارتی ایجنسیوں سے گہرا تعلق ہے اور وہ ان کے لیے ایک مستقل پراپیگنڈہ رائٹر کے طور پر کام کر رہا ہے۔ مضامین کے ذریعے بھارت نہ صرف پاکستان پر جھوٹے الزامات لگا رہا ہے بلکہ مقبوضہ کشمیر میں فالس فلیگ آپریشنز کی راہ بھی ہموار کر رہا ہے۔
دفاعی ماہرین کا کہنا ہے کہ اس مضمون کے ذریعے بھارت کی انسانیت سوز کارروائیوں اور دہشتگردی کی پشت پناہی کا ایک اور ثبوت سامنے آیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ احسان اللہ احسان کا بھارتی میڈیا میں متحرک ہونا ثابت کرتا ہے کہ بھارت پاکستان کے خلاف بین الاقوامی سطح پر گمراہ کن مہم چلا رہا ہے، جس کا مقصد خطے کے امن کو سبوتاژ کرنا ہے۔
