0

اوپن اے آئی نے جدید ترین کوڈنگ ایجنٹ ’’کوڈیکس‘‘ چیٹ جی پی ٹی میں شامل کر دیا

کیلیفورنیا: (نیا محاذ) مصنوعی ذہانت کی دنیا میں ایک بڑی پیش رفت کرتے ہوئے اوپن اے آئی نے اپنا جدید ترین کوڈنگ ایجنٹ “کوڈیکس” چیٹ جی پی ٹی کا حصہ بنانے کا اعلان کر دیا ہے۔ یہ نیا ٹول اب تک کمپنی کی جانب سے پیش کیا گیا سب سے زبردست اے آئی کوڈنگ اسسٹنٹ قرار دیا جا رہا ہے۔
اوپن اے آئی کے مطابق کوڈیکس بنیادی طور پر ان کے o3 ریزننگ ماڈل پر مبنی ہے، جسے “کوڈیکس 1” کہا جاتا ہے۔ یہ ماڈل سادہ فیچرز کی تیاری، کوڈ کی خرابیوں (bugs) کو درست کرنے، اور کوڈ بیس سے متعلق مختلف سوالات کے جوابات فراہم کرنے کی زبردست صلاحیت رکھتا ہے۔
کوڈیکس ایک کلاؤڈ بیسڈ ورچوئل کمپیوٹر یعنی سینڈ باکس میں کام کرتا ہے، جس کی بدولت صارفین اپنے سسٹم یا براؤزر تک مکمل رسائی برقرار رکھتے ہوئے اس سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ یہ اے آئی ایجنٹ 1 سے 30 منٹ کے اندر اندر مختلف سافٹ ویئر انجینئرنگ ٹاسک مکمل کر سکتا ہے، اور یہ ایک وقت میں متعدد ٹاسک انجام دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
کوڈیکس کو ابتدائی طور پر چیٹ جی پی ٹی پرو، انٹرپرائز اور ٹیم سبسکرائبرز کے لیے متعارف کرایا جا رہا ہے۔ آغاز میں صارفین کو اس جدید ٹول تک مکمل رسائی دی جائے گی، تاہم آئندہ ہفتوں میں اس کی رسائی محدود کی جائے گی اور اس کے استعمال کے لیے اضافی کریڈٹس درکار ہوں گے۔
صارفین چیٹ جی پی ٹی کے سائیڈ بار کے ذریعے کوڈیکس استعمال کر سکیں گے اور تحریری ہدایات کے ذریعے اپنے کوڈنگ ٹاسک اس سے مکمل کروا سکیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں