اسلام آباد: (نیا محاذ) حکومت نے وفاقی بجٹ کی تیاریوں کو حتمی شکل دینے کے لیے سالانہ منصوبہ بندی کوآرڈینیشن کمیٹی کا اہم اجلاس 26 مئی کو طلب کر لیا ہے، جس میں آئندہ مالی سال کے بجٹ اہداف طے کیے جائیں گے۔
دستاویزات کے مطابق اس اجلاس میں ترقیاتی منصوبوں، محصولات، سبسڈیز اور قرضوں کی ادائیگیوں جیسے اہم نکات پر غور کیا جائے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیرخزانہ 2 جون کو قومی اسمبلی میں آئندہ مالی سال 2025-2026 کا وفاقی بجٹ پیش کریں گے۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ بجٹ کی تیاری کے سلسلے میں آئی ایم ایف اور پاکستانی معاشی ٹیم کے درمیان مشاورت جاری ہے، جس میں کئی اہم نکات پر اتفاق رائے پیدا ہو چکا ہے۔ آئی ایم ایف نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے ٹیکس اہداف، سبسڈی کے نظام، سرکلر ڈیٹ میں کمی اور قرضوں کی ادائیگیوں کے حوالے سے پیش کی گئی تجاویز پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔
ماہرین کے مطابق موجودہ معاشی حالات میں یہ بجٹ ملکی معیشت کے لیے نہایت اہمیت کا حامل ہوگا، جس میں مہنگائی، محصولات، عوامی فلاحی منصوبے اور معاشی استحکام کو مدنظر رکھا جائے گا۔
