ڈھاکا: (نیا محاذ) بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کے متوقع دورۂ پاکستان کے لیے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، بنگلادیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) کو اپنی حکومت کی جانب سے گرین سگنل مل گیا ہے۔ اگرچہ ابھی تک تحریری اجازت موصول نہیں ہوئی، تاہم بی سی بی حکام کا کہنا ہے کہ جیسے ہی باقاعدہ تحریری منظوری موصول ہوگی، کھلاڑیوں سے مشاورت کا عمل شروع کر دیا جائے گا۔
پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان پانچ ٹی ٹوئنٹی میچز پر مشتمل سیریز پہلے ہی طے کی جا چکی ہے، جو 25 مئی سے 3 جون کے دوران شیڈول کی گئی تھی۔ تاہم پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے جاری سیزن کی وجہ سے اب اس شیڈول میں رد و بدل کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق سیریز کو 27 مئی سے 5 جون تک منتقل کرنے کی تجویز دی گئی ہے، جبکہ سیریز کے افتتاحی میچ کے لیے فیصل آباد کے بجائے لاہور کو ابتدائی آپشن کے طور پر زیر غور لایا جا رہا ہے۔ لاجسٹک اور سیکیورٹی وجوہات کی بنیاد پر لاہور میں پہلا میچ کرانے پر غور ہو رہا ہے۔
یہ سیریز دونوں ممالک کے کرکٹ تعلقات کے حوالے سے نہایت اہم قرار دی جا رہی ہے، اور شائقین کرکٹ اس کا بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں۔
