0

9 مئی اور جی ایچ کیو حملہ کیسز کی سماعت پھر ملتوی، فرد جرم کیلئے نئی تاریخ مقرر

راولپنڈی: (نیا محاذ) سانحہ 9 مئی اور جی ایچ کیو حملہ کیسز کی سماعت ایک بار پھر تاخیر کا شکار ہو گئی، انسداد دہشت گردی عدالت نے اب ملزمان پر فرد جرم عائد کرنے کے لیے آئندہ تاریخ مقرر کر دی ہے۔
انسداد دہشت گردی عدالت کے جج امجد علی شاہ کی عدالت میں 9 مئی کے 13 اہم مقدمات اور جی ایچ کیو حملہ کیس کی سماعت ہوئی، جس میں سرکاری پراسیکیوٹر، ملزمان کے وکیل ملک فیصل اور ان کی قانونی ٹیم کے ساتھ ساتھ تمام متعلقہ ملزمان عدالت میں پیش ہوئے۔
کارروائی کے دوران رکن قومی اسمبلی شاندانہ گلزار، سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد، زرتاج گل، علیمہ خان، اور سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل سمیت دیگر افراد بھی عدالت میں موجود تھے۔ شیخ رشید نے اپنی حاضری لگوانے کے بعد واپس روانگی اختیار کی۔
جی ایچ کیو حملہ کیس میں گواہوں کی غیر موجودگی کے باعث جیل ٹرائل ایک بار پھر ملتوی کرنا پڑا۔ اس دوران 26 نومبر تحریک انصاف احتجاج سے متعلق 23 مقدمات میں ملزمان کو چالان کی نقول فراہم کی گئیں۔
اسی طرح سانحہ 9 مئی کے 11 مقدمات میں بھی عدالت میں موجود ملزمان کو چالان کی نقول تقسیم کر دی گئیں۔
عدالت نے بعد ازاں 26 نومبر پی ٹی آئی احتجاج سے متعلق 32 کیسز کی سماعت 3 جون تک ملتوی کر دی ہے، جب کہ آئندہ سماعت پر ملزمان پر باقاعدہ فرد جرم عائد کی جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں