0

ڈونلڈ ٹرمپ کا پاکستان سے تجارت بڑھانے کا اعلان، پاک بھارت جنگ بندی پر پاکستان کی تعریف

واشنگٹن: (نیا محاذ) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ پاک بھارت جنگ بندی کو کامیاب بنانے پر پاکستان کو سب سے زیادہ سراہا گیا ہے، میں پاکستان کو نظر انداز نہیں کر سکتا، اس کے ساتھ تجارت کریں گے۔
ایک امریکی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے صدر ٹرمپ نے پاکستانی قوم کی ذہانت اور ان کی حیرت انگیز صںعتی صلاحیتوں کا کھل کر اعتراف کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے ساتھ ان کی بہت عمدہ بات چیت ہوئی ہے، اور یہ ممکن نہیں کہ ہم اتنے ذہین لوگوں اور شاندار اشیاء تیار کرنے والے ملک کو نظرانداز کریں۔
صدر ٹرمپ نے کہا کہ اگرچہ بھارت کے ساتھ تجارت پر پہلے سے بات چیت ہو رہی تھی، لیکن پاکستان نے بھی امریکا سے تجارتی تعلقات بڑھانے کی خواہش ظاہر کی ہے، جو خوش آئند بات ہے۔ ان کے بقول، “ہم پاکستان سے تجارت بڑھائیں گے کیونکہ تالی دونوں ہاتھوں سے بجتی ہے۔”
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اور بھارت دونوں بڑی ایٹمی طاقتیں ہیں، اور حالیہ کشیدگی میں دونوں ایک دوسرے سے شدید ناراض تھے، جس کی وجہ سے نیوکلیئر تصادم کا خدشہ پیدا ہو گیا تھا۔ صدر ٹرمپ نے واضح کیا کہ “نیوکلیئر جنگ” ایک انتہائی خطرناک اور بدنما لفظ ہے، اور خوشی کی بات یہ ہے کہ دونوں ممالک اب امن کی طرف بڑھ رہے ہیں۔
امریکی صدر نے یہ بھی انکشاف کیا کہ انہوں نے اپنے اہلکاروں کو خصوصی ہدایات دیں کہ وہ پاکستان اور بھارت کے ساتھ تجارتی مذاکرات کا آغاز کریں اور دونوں ممالک کو قریب لانے میں کردار ادا کریں۔
بھارت پر تنقید کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ بھارت دنیا میں سب سے زیادہ ٹیرف عائد کرنے والا ملک ہے، جس سے کاروبار کرنا تقریباً ناممکن بنا دیا گیا ہے، لیکن اب بھارت بھی امریکا کے ساتھ اپنے ٹیرف 100 فیصد کم کرنے پر تیار ہے۔
صدر ٹرمپ نے کہا کہ وہ تجارت کو دشمنیاں ختم کرنے اور امن قائم کرنے کے لیے ایک ذریعہ بنانا چاہتے ہیں، اور وہ اپنے وعدوں پر عمل کرنے والے لیڈر ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں