0

یوم تشکر: افواجِ پاکستان کو خراجِ تحسین، ملک بھر میں تقاریب اور دعاؤں کا انعقاد

لاہور، اسلام آباد، کراچی (نیا محاذ):
ملک بھر میں آج یوم تشکر منایا جا رہا ہے، جس کا مقصد ’’معرکہ حق‘‘ میں حاصل ہونے والی تاریخی فتح پر اللہ کا شکر ادا کرنا اور افواجِ پاکستان کو خراجِ تحسین پیش کرنا ہے۔ دن کا آغاز مساجد میں قرآن خوانی اور خصوصی دعاؤں سے کیا گیا، جبکہ اسلام آباد میں 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21، 21 توپوں کی سلامی دی گئی۔
اسلام آباد میں واقع پاکستان مونومنٹ پر یومِ تشکر کی مرکزی تقریب منعقد ہو رہی ہے جس میں وزیراعظم، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور مسلح افواج کے سربراہان شرکت کر رہے ہیں۔ فوجی جوانوں نے پاکستان کی بقا و سلامتی کیلئے دعا کی اور نعرہ تکبیر کی گونج نے فضا کو گونجا دیا۔
مزارِ قائد کراچی پر بھی ایک پروقار تقریب ہوئی جہاں کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل اویس دستگیر نے پھولوں کی چادر چڑھائی اور مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات قلمبند کیے۔ اسی طرح لاہور میں مزار اقبال پر گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے حاضری دی اور مولانا عبدالخبیر آزاد نے دعا کرائی۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے سندھ سیکریٹریٹ میں پرچم کشائی کرتے ہوئے مسلح افواج کی بہادری کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی جارحیت کا مؤثر جواب دینا ہر پاکستانی کا فرض ہے اور قوم دشمن کے سامنے متحد ہے۔
پشاور میں گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے پرچم کشائی کی اور اپنے پیغام میں کہا کہ بھارت ہماری خاموشی کو کمزوری سمجھ رہا تھا، مگر افواجِ پاکستان نے ثابت کر دیا کہ ہمیں اپنی سرحدوں کی حفاظت کرنا خوب آتی ہے۔
ملک کے مختلف شہروں جیسے گوجر خان، اوکاڑہ اور دیگر مقامات پر شہداء کی یادگاروں پر تقریبات اور دعائیں کی گئیں۔ کیپٹن محمد سرور شہید اور میجر شبیر شریف شہید کے مزاروں پر سلامی دی گئی۔
آزاد کشمیر میں آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی پر تقاریب جاری ہیں۔ تعلیمی اداروں میں پاک فوج کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے خصوصی پروگرام منعقد کیے جا رہے ہیں جن میں طلبہ اور اساتذہ کی جانب سے ملی نغمے، تقاریر اور نظمیں پیش کی جا رہی ہیں۔
صدر اور وزیراعظم کے پیغامات
صدر مملکت آصف علی زرداری نے یومِ تشکر کے موقع پر کہا کہ اللہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ اس نازک وقت میں فتح سے نوازا۔ یہ صرف افواج پاکستان نہیں بلکہ پوری قوم کی کامیابی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دشمن نے جب حملہ کیا تو قوم اور افواج یکجا ہو گئیں اور چند گھنٹوں میں دشمن کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کر دیا گیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ جو طیارے بھارت کا غرور تھے، وہ اب مٹی میں مل چکے ہیں۔ افواج پاکستان نے عسکری تاریخ کا ایک سنہرا باب رقم کیا۔ انہوں نے جنرل عاصم منیر اور تمام مسلح افواج کا شکریہ ادا کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں