0

برطانیہ کا اسرائیل سے غزہ میں امدادی پابندیاں ختم کرنے کا مطالبہ، جنگ بندی پر زور

لندن (نیا محاذ):
برطانوی وزیر برائے مشرق وسطیٰ ہامیش فالکنر نے برطانوی دارالعوام میں خطاب کرتے ہوئے اسرائیل سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ غزہ میں انسانی امداد پر عائد پابندیاں فوراً ختم کرے اور اپنے جارحانہ اقدامات بند کرے۔
وزیر ہامیش فالکنر کا کہنا تھا کہ برطانیہ نے اپنے عالمی شراکت داروں کے ساتھ مل کر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا اجلاس طلب کیا ہے تاکہ غزہ میں جاری انسانی بحران سے نمٹا جا سکے۔ ان کے مطابق غزہ کی سرحد پر امدادی اشیاء سڑ رہی ہیں جبکہ ہزاروں ضرورت مند افراد بھوک کا شکار ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ اسرائیلی وزراء کی جانب سے امداد روکنے کے فیصلے کو ’پریشر لیور‘ قرار دینا ایک ظالمانہ اور ناقابلِ دفاع رویہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسی پابندیاں نہ صرف انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہیں بلکہ عالمی اصولوں کی بھی نفی کرتی ہیں۔
ہامیش فالکنر نے مزید کہا کہ دنیا بھر کے ممالک مطالبہ کر رہے ہیں کہ اسرائیل فوری طور پر انسانی امداد کی راہ میں حائل رکاوٹیں ختم کرے اور غزہ میں جنگ بندی کی راہ ہموار کرے۔
برطانوی وزیر نے یہ بھی واضح کیا کہ برطانیہ کسی ایسے امدادی نظام کی حمایت نہیں کرے گا جو سیاسی یا فوجی مقاصد کے لیے استعمال کیا جائے یا جس سے عام شہریوں کو خطرہ لاحق ہو۔ ان کا کہنا تھا کہ ہماری اولین ترجیحات میں اسرائیلی پابندیوں کا خاتمہ، یرغمال شہریوں کی رہائی، انسانی جانوں کا تحفظ اور فوری جنگ بندی کا قیام شامل ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں