0

نبیل قریشی سے ’بنیان مرصوص‘ آپریشن پر فلم بنانے کا مطالبہ، سوشل میڈیا پر فواد خان، ہمایوں سعید اور دیگر نام زیرِ بحث

لاہور (نیا محاذ):
پاکستانی فلم انڈسٹری کے معروف ڈائریکٹر نبیل قریشی سے مداحوں نے مطالبہ کیا ہے کہ وہ حالیہ بھارتی جارحیت کے خلاف پاک فوج کے کامیاب آپریشن “بنیان مرصوص” پر فلم بنائیں، اور اس میں ائیر وائس مارشل اورنگزیب احمد کے کردار کو مرکزی حیثیت دی جائے۔
یہ مطالبہ سوشل میڈیا پر شدت اختیار کر گیا ہے جہاں صارفین آپریشن “بنیان مرصوص” کو سراہتے ہوئے اسے فلمی انداز میں پیش کرنے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ ایکس (ٹوئٹر) پر ایک صارف نے نبیل قریشی سے کہا کہ فواد خان کو ائیر وائس مارشل اورنگزیب احمد کا کردار دیا جائے کیونکہ دونوں کی مشابہت کافی ملتی جلتی ہے۔
اس پر نبیل قریشی نے بھی ردِعمل دیتے ہوئے اس تجویز کو اعزاز قرار دیا اور فلم بنانے میں دلچسپی ظاہر کی۔ تاہم بعد ازاں کچھ صارفین نے فواد خان کے انتخاب پر اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ چونکہ وہ ماضی میں بھارتی فلم انڈسٹری کا حصہ رہے ہیں، اس لیے ان کے بجائے پاکستان انڈسٹری کے مخلص اداکاروں کو ترجیح دی جائے۔
سوشل میڈیا پر اس بحث میں مزید شدت آ گئی جب مختلف پلیٹ فارمز پر ہمایوں سعید، وہاج علی، فہد مصطفیٰ اور حمزہ علی عباسی کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے عوام سے رائے مانگی گئی کہ ائیر مارشل اورنگزیب احمد کے کردار کے لیے بہترین انتخاب کون ہو سکتا ہے۔
مداحوں کا کہنا ہے کہ یہ فلم نہ صرف پاک فوج کے جذبے کو خراجِ تحسین پیش کرے گی بلکہ عالمی سطح پر پاکستان کے مؤقف کو اجاگر کرنے کا ذریعہ بھی بنے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں