لاہور (نیا محاذ):
قومی ٹیم کے سابق کپتان مصباح الحق ایک بار پھر پاکستانی کرکٹ ٹیم کے اہم عہدے پر فائز ہونے کے قریب پہنچ گئے ہیں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) ذرائع کے مطابق مصباح الحق کو قومی ٹیسٹ ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر کیے جانے پر سنجیدگی سے غور کیا جا رہا ہے۔
گزشتہ روز پی سی بی چیئرمین محسن نقوی نے وائٹ بال ٹیم کے لیے مائیک ہیسن کو ہیڈ کوچ بنانے کا اعلان کیا، جس کے فوراً بعد اطلاعات آئیں کہ بورڈ نے ان مینٹورز کو فارغ کر دیا ہے جو ماہانہ لاکھوں روپے تنخواہ لے رہے تھے۔
ان مینٹورز میں مصباح الحق، سرفراز احمد، شعیب ملک، وقار یونس اور ثقلین مشتاق شامل تھے۔ تاہم رپورٹس یہ بھی بتا رہی ہیں کہ مصباح الحق اور سرفراز احمد کو پی سی بی کے نئے سیٹ اپ میں اہم ذمہ داریاں سونپے جانے کا امکان ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق مصباح الحق کو قومی ٹیسٹ ٹیم کا ہیڈ کوچ بنانے پر غور کیا جا رہا ہے۔ معروف سابق کرکٹر باسط علی نے سوشل میڈیا پر ٹوئٹ کرتے ہوئے اس پیشرفت پر مصباح کو مبارکباد بھی دی ہے، اگرچہ پی سی بی کی جانب سے تاحال کوئی باضابطہ اعلان نہیں کیا گیا۔
یہ بات قابل ذکر ہے کہ مصباح الحق کا شمار پاکستان کے کامیاب ترین ٹیسٹ کپتانوں میں ہوتا ہے۔ وہ 2019 سے 2021 تک قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ کی حیثیت سے بھی ذمہ داریاں نبھا چکے ہیں۔
کرکٹ حلقوں میں مصباح کی واپسی کو ایک مثبت قدم قرار دیا جا رہا ہے، خاص طور پر ٹیسٹ فارمیٹ میں ان کی حکمت عملی اور قائدانہ صلاحیتوں کو سراہا جا رہا ہے۔
