انقرہ (نیا محاذ):
ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے پاکستان کے ساتھ دیرینہ تعلقات کو سراہتے ہوئے ایک بار پھر مکمل یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ “ایکس” (سابقہ ٹوئٹر) پر جاری اپنے پیغام میں انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف کو “قیمتی بھائی” کہہ کر مخاطب کیا اور پاکستان کے لیے محبت و احترام کا اظہار کیا۔
صدر اردوان نے کہا کہ پاکستان اور ترکی کے درمیان اخوت، بھائی چارہ اور سچی دوستی ایک مثالی رشتہ ہے، جو دنیا میں صرف چند خوش نصیب ممالک کے درمیان ہی قائم ہوتا ہے۔ انہوں نے وزیراعظم کے ذریعے پوری پاکستانی قوم کو سلام بھی پیش کیا۔
اپنے بیان میں ترک صدر نے مزید کہا کہ ترکیہ پاکستان کے امن، استحکام اور خوشحالی کو بے حد اہمیت دیتا ہے۔ ہم پاکستانی ریاست کے اس سنجیدہ اور پرامن رویے کو سراہتے ہیں جو ہمیشہ مکالمے، صبر اور مصالحت کو ترجیح دیتی ہے۔
رجب طیب اردوان نے واضح کیا کہ ترکیہ ماضی کی طرح مستقبل میں بھی ہر حال میں پاکستان کے ساتھ کھڑا رہے گا۔ انہوں نے ٹویٹ کے اختتام پر نعرہ بھی لگایا:
“پاکستان ترکی دوستی زندہ باد!”
