کیلیفورنیا (نیا محاذ):
دنیا کا سب سے مقبول سرچ انجن گوگل نے تقریباً ایک دہائی بعد اپنے مشہور لوگو میں نمایاں تبدیلی کر دی ہے، جس میں خاص طور پر حرف “G” کا ڈیزائن نیا انداز اختیار کر چکا ہے۔
تازہ ترین اپڈیٹ میں گوگل نے “G” کو نئے رنگوں کے امتزاج سے آراستہ کیا ہے۔ پہلے اس حرف میں چار رنگ – نیلا، سرخ، پیلا اور سبز – علیحدہ علیحدہ نظر آتے تھے، لیکن اب یہ سب رنگ ایک ساتھ اور ہم آہنگی کے ساتھ ایسے ترتیب دیے گئے ہیں کہ دیکھنے پر یہ منظر قوس و قزح کی جھلک دیتا ہے۔
یہ نیا ڈیزائن سب سے پہلے گوگل کی iOS ایپ میں اتوار کے دن ایک اپڈیٹ کے ذریعے سامنے آیا، جبکہ گوگل 16.8 بیٹا ایپ کے ذریعے اینڈرائیڈ صارفین کے لیے بھی یہی نیا “G” لوگو متعارف کرایا گیا ہے۔
تاہم، اب تک گوگل کی جانب سے یہ تصدیق نہیں کی گئی کہ آیا یہ نیا ڈیزائن مکمل 6 حرفی “Google” لوگو پر بھی لاگو کیا جائے گا یا نہیں۔ اسی طرح یہ واضح نہیں کہ آیا اس اپڈیٹ کا دائرہ گوگل کی دیگر مشہور ایپس جیسے کروم یا میپس تک بھی پھیلایا جائے گا۔
یاد رہے کہ گوگل نے اس سے قبل اپنے لوگو میں بڑی تبدیلی 2015 میں کی تھی، اور اب تقریباً 10 سال بعد ایک بار پھر صارفین کو بصری طور پر نیا تجربہ دینے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
