0

ٹام کروز کی نئی خواہش: مشن امپاسیبل کے بعد میوزیکل فلموں میں جلوہ گر ہونے کا ارادہ

نیویارک (نیا محاذ):ہالی ووڈ کے معروف ایکشن ہیرو ٹام کروز نے اپنے چاہنے والوں کو ایک نیا سرپرائز دیتے ہوئے میوزیکل فلموں میں کام کرنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔ “مشن امپاسیبل: دی فائنل ریکوننگ” کی ریلیز سے قبل لندن میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے اپنے مستقبل کے کیریئر سے متعلق دلچسپ باتیں شیئر کیں۔
ٹام کروز کا کہنا تھا کہ میوزیکل فلموں میں کام کرنا ان کی دیرینہ خواہش ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈرامہ، ایکشن اور ایڈونچر ہمیشہ سے ان کا شوق رہا ہے، اور اب وہ موسیقی کے شعبے میں بھی کچھ نیا کرنے کے لیے پرجوش ہیں۔
اداکار نے بتایا کہ کیریئر کے آغاز میں ہی انہوں نے زیرِ آب سینز کرنا شروع کیے تھے اور وقت کے ساتھ اس میں مہارت حاصل کی۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ ہر فلم کے سیٹ پر کچھ نہ کچھ سیکھنے کی کوشش کرتے ہیں، چاہے وہ پانی میں شوٹنگ ہو یا کوئی نیا ہنر۔
ٹام کروز نے دیگر اداکاروں کو مشورہ دیا کہ وہ ٹریننگ کریں، اپنے اندر نئی دلچسپیاں پیدا کریں، چاہے وہ موسیقی ہو یا کوئی ساز بجانا۔ انہوں نے معروف اداکار اور ہدایتکار بین اسٹلر کی بھی تعریف کی اور کہا کہ وہ ان کے ساتھ دوبارہ کام کرنے کے خواہشمند ہیں۔ ٹام کروز کے مطابق وہ اپنے کردار کے لیے خود تحقیق کرتے ہیں اور اسکرپٹ کو نئے انداز میں پیش کرتے ہیں۔
واضح رہے کہ ٹام کروز کی نئی فلم “مشن امپاسیبل: دی فائنل ریکوننگ” 21 مئی کو ریلیز کی جا رہی ہے، جس کا مداحوں کو بے چینی سے انتظار ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں