ایتھنز: (نیا محاذ) یونان میں ایک حیران کن واقعہ پیش آیا ہے جہاں ایک خاتون نے مصنوعی ذہانت (چیٹ جی پی ٹی) کی باتوں پر یقین کرتے ہوئے اپنے شوہر سے طلاق لینے کے لیے عدالت سے رجوع کر لیا۔
غیر ملکی میڈیا “یونان سٹی ٹائمز” کے مطابق مذکورہ خاتون نے قدیم طریقہ “ٹیسیوگرافی” کو جدید انداز میں استعمال کرتے ہوئے چیٹ جی پی ٹی کی مدد لی۔ اس نے اپنے اور شوہر کے کافی کپ کی تصاویر اپ لوڈ کیں اور ان کی تشریح مانگی۔ چیٹ جی پی ٹی نے دعویٰ کیا کہ خاتون کا شوہر ایک کم عمر لڑکی سے تعلقات رکھتا ہے اور وہ شادی ختم کرنا چاہتا ہے۔
خاتون جو کہ 12 سال سے شادی شدہ ہے اور دو بچوں کی ماں ہے، اس پیش گوئی پر یقین کر بیٹھی۔ اس نے نہ صرف شوہر سے علیحدگی کا عندیہ دیا بلکہ بچوں کو بھی طلاق کی اطلاع دی، جس کے بعد شوہر کو ایک وکیل کی جانب سے باضابطہ طلاق کا نوٹس موصول ہوا۔
شوہر نے مقامی میڈیا سے گفتگو میں ان تمام دعوؤں کو جھوٹ اور بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ سمجھ رہا تھا کہ یہ سب مذاق ہے، لیکن بیوی نے اسے سنجیدگی سے لے لیا اور اب علیحدگی پر بضد ہے۔
ادھر شوہر کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ مصنوعی ذہانت کی بنیاد پر لگائے گئے الزامات کسی بھی قانونی فورم پر قابلِ قبول نہیں ہیں، جب تک الزامات کے شواہد سامنے نہ آئیں، مؤکل کو بے گناہ تصور کیا جائے گا۔
