اسلام آباد: (نیا محاذ) بھارتی میڈیا کی ایک اور جھوٹی مہم کا پول کھل گیا، جہاں پاکستانی ڈرونز کی سیز فائر کی خلاف ورزی سے متعلق من گھڑت خبریں کئی گھنٹوں تک نشر کی جاتی رہیں، تاہم بھارتی فوج نے خود ہی ان خبروں کی تردید کر دی۔
بھارتی صحافی برکھا دت اور کچھ دیگر میڈیا ادارے مسلسل یہ دعویٰ کرتے رہے کہ پاکستانی ڈرونز جموں میں داخل ہو چکے ہیں اور یہ کارروائی مبینہ طور پر بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی تقریر کے جواب میں کی گئی ہے۔
تاہم بھارتی فوج نے ان خبروں کو مکمل طور پر بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ:
“پاکستان کی طرف سے کسی بھی ڈرون کی کوئی موجودگی رپورٹ نہیں ہوئی، صورتحال مکمل طور پر پُرامن اور کنٹرول میں ہے۔”
دوسری جانب پاکستانی سکیورٹی ذرائع نے بھی بھارتی میڈیا کی جانب سے پھیلائی گئی ان جھوٹی خبروں کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ:
“پاکستان نے کبھی بھی سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی نہیں کی، بلکہ حقیقت یہ ہے کہ بھارتی ڈرونز بارہا لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باؤنڈری پر خلاف ورزی کے مرتکب ہو چکے ہیں۔”
ذرائع کا کہنا تھا کہ بھارتی میڈیا ہمیشہ کی طرح جھوٹا پروپیگنڈا پھیلا کر عوام کو گمراہ کرتا ہے، جبکہ پاکستان سیز فائر کی مکمل پاسداری کر رہا ہے اور پرامن تعلقات کے حق میں ہے۔
