ممبئی: (نیا محاذ) بھارتی حکومت کی جانب سے جنگی ناکامی اور پاکستان مخالف پروپیگنڈا بے نقاب ہونے پر سماجی رابطوں کی ویب سائٹ “ایکس” پر بڑا کریک ڈاؤن کر دیا گیا۔ مودی سرکار نے بغیر کسی قانونی وضاحت یا ٹھوس جواز کے بھارت میں 8000 سوشل میڈیا اکاؤنٹس بند کروانے کا حکم دے دیا۔
“ایکس” انتظامیہ نے اس اقدام پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کی جانب سے دیے گئے احکامات میں نہ تو مواد کی مکمل وضاحت کی گئی ہے اور نہ ہی بتایا گیا ہے کہ کن قوانین کی خلاف ورزی ہوئی۔ انتظامیہ کے مطابق متعدد اکاؤنٹس کی بندش کا کوئی معقول جواز نظر نہیں آتا، جو آزادی اظہار رائے پر براہِ راست حملہ ہے۔
“ایکس” نے مزید کہا کہ وہ اس معاملے پر قانونی راستے تلاش کر رہا ہے اور متاثرہ صارفین کو بھی عدالت سے رجوع کرنے کا مشورہ دیا ہے.
دوسری طرف سیاسی ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ وہی اکاؤنٹس ہیں جو بھارتی حکومت اور فوج کی جھوٹ پر مبنی کہانیوں کو بے نقاب کر رہے تھے، خاص طور پر پہلگام میں کیے گئے فالز فلیگ آپریشنز کے حوالے سے۔ ماہرین کے مطابق اکاؤنٹس کی بندش سے واضح ہو گیا ہے کہ مودی سرکار شدید دباؤ اور بوکھلاہٹ کا شکار ہے۔
اس اقدام کے بعد دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت کہلانے والے بھارت کا اصل چہرہ ایک بار پھر بے نقاب ہو گیا ہے، جہاں اختلاف رائے اور سچ بولنے والوں کی آواز دبانے کی بھرپور کوشش کی جا رہی ہے۔
